کیرانہ(مرسلین احمد)شر پسند لوگوں نے تحصیل کیرانہ کے ایک گاؤں میں بھومیہ کھیڑا میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے علاقہ کے باہمی یگانگت کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے، جس وجہ سے ہنگامہ ہوا ہے،کیونکہ بھومیہ کھیڑا میں اکثریتی سماج کے لوگ پوجاکرتے ہیں۔پولیس نے اس معاملہ میں شکایت کی بنیاد پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔اطلاع ملتے ہی کیرانہ پولیس نے اس جگہ کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا اوران عناصرکی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع بتاتے ہیں کہ کل ہی بھومیہ کھیڑا میں خصوصی پوجا اور بھنڈارہ کا اہتمام کیا گیاتھا۔اس پوجا کے چند گھنٹہ بعد ہی یہاں توڑ پھوڑ ہوگئی۔جہاں پوجاکا سامان بکھرا ملا اور چپل پڑی ملی ہیں۔یہ خبر جیسے ہی گاؤں اور آس پاس کے علاقہ میں پھیلی،ویسے ہی لوگ وہاں جمع ہونے لگے۔گاؤں کے عمائدین نے پولیس سے ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولس میں ہلچل مچ گئی۔ عجلت میں پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔رام کمار نامی شخص کی تحریر پر پولیس نے شکایت درج کی ہے۔