پٹنہ،9 جون (یو این آئی) نریندر مودی کی 3.0 حکومت میں بہار سے راجیہ سبھا کے دو اور لوک سبھا کے چھ ممبران پارلیمنٹ مرکزی وزیر بنائے گئے ہیں۔ جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) کے کوٹے سے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارت رتن کرپوری ٹھاکر کے بیٹے اورراجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ رام ناتھ ٹھاکر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کوٹے سے راجیہ سبھا کے رکن ستیش چندر دوبے نے نریندر مودی حکومت میں وزیر مملکت کے طور پر حلف لیا۔
اس کے ساتھ ہی بیگوسرائے سے لوک سبھا ایم پی گری راج سنگھ (کابینہ وزیر)، اجیار پور سے لوک سبھا ایم پی نتیا نند رائے (وزیر مملکت)، مظفر پور سے لوک سبھا ایم پی راج بھوشن چودھری نشاد (وزیر مملکت) کو بی جے پی کوٹے سے وزیربنایا گیا ہے۔ جے ڈی یو کے کوٹے سے مونگیر سے لوک سبھا کے رکن راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ کو کابینہ وزیر بنایا گیا ہے۔
لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے کوٹے سے پارٹی کے قومی صدر اور حاجی پور (ایس یو) سے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان اور ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی کونریندر مودی کی حکومت میں پہلی بار کابینہ کا وزیر بنایا گیا ہے۔