نئی دہلی، 20 مارچ (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو لوک سبھا اور چار ریاستوں میں قانون ساز اسمبلی انتخابات کے تناظر میں نافذ ماڈل ضابطہ اخلاق کی سختی سے تعمیل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے عوامی مقامات سے غیر مجاز سیاسی اشتہارات اور پوسٹرز وغیرہ ہٹانے پر زور دیا ہے۔کمیشن نے کہا ہے کہ اسے قومی سطح پر مختلف مقامات سے شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ اب بھی کئی مقامات پر غیر مجاز سیاسی اشتہارات جاری کئے جا رہے ہیں۔ بدھ کے روز مرکزی کابینہ کے سکریٹری، ریاستوں کے چیف سکریٹریوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے منتظمین اور ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکٹورل افسران کو بھیجے گئے ایک خصوصی پیغام میں کمیشن نے کہا ہے کہ اس نے ماڈل ضابطہ اخلاق کی عدم تعمیل یا جزوی تعمیل کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ اس نے تمام ریاستی/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کو ایسے اشتہارات کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ مذکورہ ہدایات کی مکمل تعمیل کو یقینی بنایا جائے اوراس پر عمل کرنے کی رپورٹ 21 مارچ بروز جمعرات شام 5 بجے تک کمیشن کو بھیجی جائے۔
کمیشن کے خصوصی پرنسپل سکریٹری کی طرف سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد اس پر فوری کارروائی کرنے کی ہدایت ہے۔کمیشن نے 16 مارچ کو چار ریاستوں آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، اڈیشہ اور سکم کی لوک سبھا اور قانون ساز اسمبلیوں کے انتخابات کے انعقاد کے پروگرام کا اعلان کیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے ماڈل ضابطہ اخلاق بھی نافذ کیا۔