قومی مشن برائے مخطوطات کے تحت”ہندوستان کے نادر مخطوطات“ کی بھی نمائش کا آغاز کیا گیا
رامپور:(پریس ریلیز)آج رامپور رضا لائبریری کے دربار ہال میں رام نومی کے مبارک موقع پرسٹی مجسٹریٹ ستیم مشراجی نے لائبریری میں موجود رامائن کے اہم نسخوں کی نمائش کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انھوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ آج مجھے لائبریری میں موجود راماین کے اہم ترین نسخوں کوجو دیکھنے کا موقع ملااس سے میں بہت متاثر ہوا۔ حیرت کی بات ہے مشرقی علوم کے لئے مشہور لائبریری میں راماین کے سینکڑوں نادر نسخے موجود ہیں اور یہ وہ خزانہ ہے جس سے اسکالرز خوب فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ ریسرچ اسکالرز کواس تاریخی ورثہ کی خصوصیات کی طرف راغب کر نے کی ضرورت ہے کیونکہ ان اہم نسخوں پر کام کیا جائے تو بہت سی اہم تحقیقات وجود میں آسکتی ہیں ۔
نمایش میں سب سے اہم فرخ سیر کا سنسکرت سے فارسی ترجمہ کرایا گیا بالمیکی راماین کا اہم ترین نسخہ توجہ کا مرکز ہے جس کو سمیر چند نے سنسکرت سے فارسی میں منتقل کیا تھا ۔ اس میں ۸۵۲ نادر منقش تصاویر ہیں ۔اس کو بسم اللہ سے شروع کیا گیا ہے ۔اور اسی نسخہ کا رضا لائبریری نے ہندی ترجمہ تین جلدوں میں کراکے شائع کیا ہے ۔ اس موقع پر سید طارق اظہرکے علاوہ ڈاکٹر ابو سعد اصلاحی لائبریرین نے ان اہم نسخوں کی تفصیل سے جانکاری دی۔
اس نمائش کو سینئرکنزرویٹر ارن کمار نے سپروائز کیا ۔اور نمائش کی کو آرڈینیٹرزڈاکٹر پریتی اگروال(کیٹلاگرسنسکرت مخطوطات) اور شبانہ افسر (لیب کنزرویٹر)نے بتایا کہ ہم نے اس بار نمائش میںفراقی دریابادی کی’ راماین فارسی‘،رام سنبھلی کی’راماین مسدّس مصوَّر(اردو نستعلیق) ، شاہ معظم بہادرکے عہد میں لکھی گئی رائے امر سنگھ کی’ راماین‘، گھاسی رام کی رام لیلا(اردو)،احمد خاں غفلت کی ’قصہ¿ رام و سیتا‘(اردو)،مولوی عبد الستار کی ’راماین کے بعض سین،پریم پال اشک کی راماین منظوم مصوَّر،مہرشی شیوبرت لال کی’ روحانی راماین‘، سدرشن کی ’بچوں کے لئے راماین ‘،ملا مسیحی پانی پتی کی ’منظوم راماین‘، اور’ ادھیاتم راماین‘ جیسے نادر نسخے لگائے ہیں ۔یہ نمایش صبح ۰۱ بجے سے شام ۰۳:۴ بجے کے درمیان۰۱ اپریل ۳۲۰۲ءتک جاری رہے گی۔
اسی طرح قومی مشن برائے مخطوطات کے تحت ”ہندستان کے نادرمخطوطات “ کی ایک اہم نمائش کا بھی افتتاح کیا گیاجس میں کلیلہ دمنہ(مصوَّر)، بھگوت گیتا(مصوَّر)، کلیات سعدی، دیوان غالب، شاہنامہ فردوسی، مسدّس بے نظیر، نواب یوسف علی خاں کا’دیوان ناظم‘(جس میںغالب کی اصلاحات ہیں)، اور تامل زبان میں تاڑ پتر پر لکھی گئی قدیم کتاب جیسے اہم نادرترین مخطوطات اس نمایش میںلگائے گئے ہیں۔ یہ نمائش صبح ۰۱ بجے سے شام ۰۳:۴ بجے کے درمیان۰۱اپریل ۳۲۰۲ءتک جاری رہے گی ۔ اس موقع پرصنعت کمار سنگھ،شریمتی مندیپ کور سابق ڈائریکٹر آکاش وانی رامپور،ڈاکٹر انا میکا شریواستوسینئر ایگزیکیٹو آکاش وانی لکھنو ،وکاس سنگھ وغیرہ معزز ادبی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔