مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تشدد میں اضافے کا خدشہ مزید بڑھ گیا،صہیونی افواج نے مغربی کنارے میں سیکورٹی بڑھائی
القدس(ایجنسیاں): اسرائل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی کے درمیان اسرائیل مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنی سکیورٹی فورسز کی نفری میں اضافہ کررہاہے۔ یہ فیصلہ جمعہ کی رات ایک فلسطینی مسلح شخص کی مقبوضہ بیت المقدس کے مضافات میں ایک یہودی عبادت گاہ کے قریب فائرنگ کے بعد کیا ہے۔اس حملے میں سات افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ مغربی کنارے کے قصبے جنین پراسرائیلی فوج کے مہلک حملے کے ایک دن بعد پیش آیا ۔اس میں نوفلسطینی شہید ہوگئے تھے۔ہفتے کے روز فائرنگ کے ایک اورواقعہ میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ان واقعات کے بعد مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تشدد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہےکہ ’’آئی ڈی ایف (اسرائیلی دفاعی فورسز) کے حالات کے جائزے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہودیہ اور سامریہ (مغربی کنارے) ڈویژن کو ایک اضافی بٹالین کے ساتھ مضبوط کیا جائے گا‘‘۔
ز ہن نشیں رہے کہ گذشتہ ماہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے زیرقیادت مخلوط کابینہ کے اقتدارسنبھالنے کے بعدفریقین میں تشدد کا یہ پہلا بڑا تصادم ہے۔ان کی نئی حکومت میں سخت گیریہود کی قوم پرست جماعتیں شامل ہیں۔ سکیورٹی حکام کے ساتھ جائزے کے بعد نیتن یاہو نے لوگوں پر زوردیا کہ وہ قانون اپنے ہاتھ میں نہ لیں لیکن ساتھ ہی کہا کہ تشدد سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ دریں اثناءانتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیرایتمار بن غفیرنے یہودی عبادت گاہ کے باہر حملے کی جگہ کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال خوشی اورغصے کے امتزاج کے ساتھ کیا گیا۔انھوں نے وہاں منتظر ہجوم سے کہا’’حکومت کو جواب دینا ہوگا اوران شاءاللہ ایسا ہی ہوگا‘‘۔
تازہ تترین خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں ایک اور بٹالین تعینات کی ہے اورمقبوضہ علاقے میں پہلے سے ہی ہائی الرٹ پرموجود سیکڑوں فوجیوں کو مزید کمک بھیج دی گئی ہے۔
دریں اثناء اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ رات یوم ’سبت‘ کے اختتام کے بعد اپنی سلامتی کابینہ کا اجلاس طلب کریں گے تاکہ یہودی عبادت گاہ کے قریب ہونے والے حملے کے مزید ردعمل پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
اسی درمیان سیکیورٹی فورسزنے ہفتے کوعلی الصباح کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے 21 سالہ فلسطینی مسلح شخص کے محلے میں کارروائی کی تھی۔اس کو موقع پر ہی گولی مار کرہلاک کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے مشرقی یروشلم کے علاقے طورسے مقتول کے خاندان کے 42 افراد اور ہمسایوں کو پوچھ تاچھ کے لیے گرفتار کیا ہے۔ اسرائیلی پولیس چیف کوبی شبتائی نے شہر میں سواٹ (ایس ڈبلیو اے ٹی) کی ٹیم کی طرح ایک فورس تعینات کی ہےاور فورسز میں اضافے کے بعد پولیس کو 12 گھنٹے کی شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔انھوں نے عوام پر زور دیا کہ اگرانھیں کوئی مشکوک چیز نظر آئے تو ہاٹ لائن پر کال کریں۔