بھدوہی (یو این آئی) جمعہ کے روز اتر پردیش کے ضلع بھدوہی میں ایک خصوصی عدالت نے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سابق ایم ایل اے وجئے مشرا کو عصمت دری کے ایک مقدمے میں قصوروار قرار دیا ہے۔حکومت کے وکیل دنیش چندر پانڈے نے بتایا کہ گیان پور اسمبلی نشست سے تعلق رکھنے والے سابق ایم ایل اے وجے مشرا کو ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے اجتماعی عصمت دری معاملے میں قصوروار ٹھہرایا ہے جبکہ ان کے بیٹے وشنو مشرا اور پوتے جیوتی عرف وکاس مشرا کو ثبوتوں کی کمی کے سبب بری کردیا۔ عدالت ہفتے کے روز سابق ایم ایل اے کی سزا کا تعین کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وارانسی کی ایک لڑکی نے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کے پاس شکایت درج کرائی تھی جس میں اس نے سابق ایم ایل اے اور اس کے رشتہ داروں پر اجتماعی عصمت دری کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے کہا ایس پی کی ہدایت پر "18 اکتوبر 2020 کو ، اس وقت کے ایم ایل اے وجئے مشرا ، ان کے بیٹے وشنو اور پوتے وکاس کے خلاف ہندوستانی تعزیراتی ضابطہ (آئی پی سی) کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک معاملہ درج کیا گیا تھا۔”سرکاری وکیل نے بتایا کہ دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج (اے ڈی جے) سبودھ سنگھ کی خصوصی عدالت نے سابق ایم ایل اے وجئے مشرا کو قصوروار قرار دیا۔