ممبئی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): ان دنوں سائبر فراڈ عام لوگوں کے لئے دردِ سر بن گیا ہے اور نئے نئے طریقوں سے لوگوں کو ٹھگی کا شکار بنایا جا رہا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سائبر فراڈ کے ایک نئے طریقہ کا انکشاف ہوا ہے، جس میں ہوٹل بکنگ کے نام پر لوگوں سے پیسے کی ٹھگی کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سائبر فراڈ کے اس نئے طریقہ کےک ذریعے سیاحوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ممبئی کے ریزارٹ کے نام پر راجستھان اور ہریانہ سے ان آن لائن ٹھگی کو انجام دیا جا رہا ہے۔ بکنگ کی آڑ میں گاہکوں سے پیشگی رقم وصول کر لی جاتی ہے اور جب سیلانی ریزارٹ پہنچتے ہیں تو ان کی بکنگ کا کوئی ریکارڈ نہیں ملتا۔
ہریانہ یا رجستھان میں بیٹھے سائبر ٹھگوں نے گوگل میپ پر ممبئی کے ریزارٹ کا فون نمبر درج کر رکھا ہے۔ لوگ جب اس نمبر پر کال کرتے ہیں تو وہ جم، ہال یا کمرے کی بکنکگ کے لئے پیشگی رقم وصول کر لیتے ہیں لیکن جب گاہک ہوٹل پہنچتے ہیں تو معلوم چلتا ہے کہ اس ہوٹل میں ان کی کوئی بکنگ موجود نہیں ہے۔
اس معاملہ میں ایف آئی آر بھی درج ہو چکی ہے لیکن گوگل پر ٹھگوں کا نمبر اب بھی موجود ہے اور بکنگ کے نام پر وہ اب بھی لوگوں کو اپنا شکار بنا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تاحال لوگوں سے ہزاروں روپے ٹھگے جا چکے فہیں۔ وہیں ریزارٹ نے بورڈ لگا دیا ہے کہ ’یہاں آن لائن بکنگ قبول نہیں کی جاتی!‘