بھاگلپور (یو این آئی) اتر پردیش پولیس نے ایودھیا میں رام مندر کو اڑانے کی دھمکی دینے والے محمد مقصود کو بہار کے بھاگلپور ضلع کے براری تھانہ علاقے سے گرفتار کیا ہے۔پولیس ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ براری تھانہ علاقہ کے بڑی کھنجار پور علاقہ کی مسجد گلی کے رہنے والے محمد مقصود نے 14 جون کو ایودھیا میں رام مندر کو فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔ اس کے ساتھ انہوں نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ یوگی کو قتل کرنے کی بھی بات کی تھی۔ اس نے خود کو دہشت گرد تنظیم جیش محمد کا رکن قرار دیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایودھیا پولس کی ایک خصوصی ٹیم تکنیکی نگرانی کے ذریعہ بھاگلپور پہنچی اور مقامی پولیس کی مدد سے جمعہ کی رات دیر گئے ملزم محمد مقصود کے گھر پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کرلیا۔ اس کے پاس سے چار موبائل فون ضبط کیے گئے ہیں، اس معاملے کی ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ محمد مقصود دہشت گرد تنظیم جیش محمد سے وابستہ عامر سے رابطے میں تھا۔ وہ ملک مخالف سرگرمیوں سے متعلق پیغامات بھیجتا تھا اور سائبر فراڈ میں بھی ملوث تھا، محمد مقصود کی صحت کی جانچ کے بعد اتر پردیش پولیس کی ٹیم اسے ٹرانزٹ ریمانڈ پر ایودھیا لے جائے گی۔