راہل نے لکھا ’’نہ انصاف ہے، نہ نظامِ قانون اور نہ حق، مدھیہ پردیش کی بیٹیوں کی حالت سے پورا ملک شرمسار”
نئی دہلی/اجین: مدھیہ پردیش کے اجین میں 12 سالہ نابالغ بچی کے ساتھ ہونے والی درندگی اوراس معاملہ میں مہذب کہے جانے والے معاشرہ کی بے حسی کی خبرنے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیاہے۔۔ مدھیہ پردیش کے کانگریس لیڈران اس معاملے میں بی جے پی کو لگاتار تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں وہیں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی اس تعلق سے اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کے اجین میں ایک عصمت دری متاثرہ نابالغ بچی بے بس حالت میں ملی تھی۔ پولیس کے مطابق بچی خون سے لتھ پتھ حالت میں ڈھائی گھنٹے تک سڑک پر بھٹکتی رہی، لیکن کوئی بھی اس کی مدد کرنے کے لیے آگے نہیں آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بچی اتر پردیش کی رہنے والی ہے۔ اس معاملے میں یوپی پولیس کے ساتھ رابطہ بھی کیا گیا ہے۔ اجین ایس پی سچن شرما نے اس معاملے میں ایس آئی ٹی تشکیل کر جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے۔ پولیس نے نامعلوم ملزمین کے خلاف معاملہ درج کر جانچ شروع کر دی ہے۔
مدھیہ پردیش پولیس کے مطابق اجین کی نابالغ عصمت دری کی شکار لڑکی کی حالت تشویشناک ہے۔ اسے علاج کے لیے اندور کے ایم وائی ایچ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
مدھیہ پردیش میں کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں اس معاملے کو لے کر حکومت کو گھیر رہی ہیں اور عصمت دری سے متاثرہ لڑکی کے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، اجین کے اے ایس پی جینت سنگھ راٹھور نے کہا، "واقعہ کے نوٹس میں آنے کے بعد فوری کارروائی کی گئی ہے۔ معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایک خاتون افسر کی قیادت میں تفتیش کی جا رہی ہے۔”انہوں نے بتایا کہ پولیس سپرنٹنڈنٹ سچن شرما نے اس معاملے میں تین ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ملزم کو جلد گرفتار کر لے گی۔
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کو ریاست میں خواتین و بچیوں پر ہو رہے مظالم کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے ’’مدھیہ پردیش میں ایک 12 سالہ بچی کے ساتھ ہوا خوفناک جرم، بھارت ماتا کے دل پر زبردست چوٹ ہے۔ خواتین کے خلاف جرائم اور نابالغ بچیوں کی عصمت دری کی تعداد سب سے زیادہ مدھیہ پردیش میں ہے۔ اس کے گنہگار وہ مجرم تو ہیں ہی جنھوں نے یہ گناہ کیے، ساتھ ہی ریاست کی بی جے پی حکومت بھی ہے جو بیٹیوں کی حفاظت کرنے میں ناکام ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں مدھیہ پردیش حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’نہ انصاف ہے، نہ نظامِ قانون اور نہ حق۔ آج مدھیہ پردیش کی بیٹیوں کی حالت سے پورا ملک شرمسار ہے۔ لیکن ریاست کے وزیر اعلیٰ اور ملک کے وزیر اعظم میں بالکل شرم نہیں ہے۔ انتخابی تقریر، کھوکھلے وعدوں اور جھوٹے نعروں کے درمیان بیٹیوں کی چیخیں انھوں نے دبا دی ہیں۔‘‘