نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی اور مضافات میں موسلادھار بارش کے باعث جگہ جگہ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے اورنتیجہ یہ ہے کہ کئی علاقوں میں ٹریفک کی نقل وحرکت متاثر ہوگئی ہے۔ دارالحکومت دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد میں علی الصباح شروع ہونے والی بارش کے باعث کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔
اس بارش کے درمیان نوائیڈا کے اسکولوں کوآج کے لیے بند کردیا گیا۔
اطلاع کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ کچھ دنوں تک مزید جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کئی دنوں سے ملک کے متعدد شہر شدید بارشوں کے زیرِ اثر ہیں جبکہ گزشتہ ہفتے ریاست مہاراشٹر میں شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
بارش کی وجہ سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھی جمع ہوگیا ہے۔ خبر یہ بھی ہے کہ دہلی کے آئی ٹی او میں پانی بھرا ہوا ہے۔ ادھر جنوب مشرقی دہلی کے ابوالفضل انکلیو،شاہین باغ، جامعہ نگر اور ذاکر نگر کے بہت سے حصوں میں آبی جماو کے سبب زندگی کی رفتار تھم گئیی ہے۔ ادھرمحکمہ موسمیات نے کہاہے کہ وسطی حصوں میں 37 ملی میٹر (1.46 انچ) اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مشرقی حصوں میں 110 ملی میٹر (4.33 انچ) بارش ہوئی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ بدھ کو مدھیہ مہاراشٹر، مشرقی گجرات، کونکن، گوا، تلنگانہ، رائل سیما اور آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش اور گرج چمک کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ادھر ۔ گنگا، یمنا، گھگر، ہندن سمیت تمام بڑی ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں اور کئی علاقے سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، مغربی اتر پردیش، پنجاب، ہریانہ، دہلی اور چندی گڑھ میں الگ تھلگ مقامات پر بھاری سے بہت بھاری بارش کا امکان ہے۔