متھرا: لوک سبھا الیکشن 2024 میں متھرا سیٹ سے دعویداری سے متعلق ابھی سے ہی قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہوچکا ہے۔ ایسی قیاس آرائیاں ہیں کہ بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رانوت متھرا سے الیکشن لڑسکتی ہیں۔ اس درمیان متھرا سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی نے کنگنا رانوت کے متھرا سے الیکشن لڑنے کی قیاس آرائیوں پر ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے۔ اتنا ہی نہیں، ہیما مالنی نے یہ بھی کہا کہ کل ہوکر یہاں سے راکھی ساونت کا بھی مطالبہ ہونے لگے گا۔ دراصل، ہیما مالنی نے یہ بیان اس وقت دیا، جب راجیو بھون پر معذور افراد کو ہاتھ سے چلنے والے ٹرائی سائیکل کی تقسیم کے پروگرام میں حصہ لینے آئی تھیں۔
نیوز ایجنسی اے این آئی نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے، جس میں جب متھرا میں رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی سے سوال کیا گیا کہ کنگنا رانوت کے متھرا سے الیکشن لڑنے کی قیاس آرائی ہے، آپ کا اس پر کیا خیال ہے تو اس کے جواب میں ہیما مالنی کہتی ہیں، ’اچھا، بہت اچھی بات ہے۔ میرا نظریہ میں کیا بتاوؤں۔ میرا یقین خدا کے اوپر ہے۔بھگوان کرشن وہی کریں گے، جو آپ چاہیں گے۔‘
ویڈیو میں انہوں نے مزید کہا، ‘فلم آرٹسٹ کے پیچھے اتنا شوق ہے کہ آپ کو متھرا سے لڑانے کا۔ متھرا کے لوگ جو رکن پارلیمنٹ بنانا چاہیں گے، اس کو آپ بننے نہیں دیں گے۔ آپ نے سب کے دماغ میں ایسا ڈال رکھا ہے کہ فلم اسٹار ہی بنے گا۔ آپ کو صرف فلم اسٹار ہی چاہئے متھرا میں۔ کل کو آپ راکھی ساونت کو بھی کہیں گے۔ وہ بھی بن جائیں گی‘۔
وہیں، جب ہیما مالنی سے انکتا بھنڈاری قتل سانحہ پر بلڈوزر ایکشن سے متعلق سوال کیا گیا تو وہ جواب دینے سے بچتی نظر آئیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی نے جمعرات کو متھرا میں نئی ریل بس خدمات کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ متھرا اور ورنداون کے درمیان خدمات موثر رہیں گی۔