رانچی، 03 جولائی (یو این آئی) جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے کارگزار صدر ہیمنت سورین تیسری بار جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔چمپائی سورین کی جانب سے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو چیف منسٹر کے طور پر اپنا استعفیٰ پیش کرنے کے بعد انہوں نے نئی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ انہوں نے اراکین اسمبلی کی جانب سے حمایت کا خط بھی گورنر کو سونپا ہے۔ گورنر نے ہیمنت سورین کو کل 10 بجے تک حلف برداری کی اطلاع دینے کی بات کہی ہے۔قبل ازیں، ریاست میں حکمراں جماعت نے آج گورنر سی پی رادھا کرشنن سے ملاقات کا وقت مانگا ۔ راج بھون سے وقت ملنے کے بعد چمپائی سورین اور ہیمنت سورین اور دیگر لیڈروں نے گورنر سے ملاقات کی۔ اس کے بعد چمائی سورین نے اپنا استعفی سونپ دیا۔ گورنر نے چمپائی سورین کا استعفیٰ قبول کر لیا اور انہیں نئے انتظامات ہونے تک قائم مقام وزیر اعلیٰ کے طور پر کام جاری رکھنے کے لئے کہا۔
اس موقع پر جھارکھنڈ کانگریس کے انچارج غلام احمد میر، کانگریس کے ریاستی صدر راجیش ٹھاکر، ایم ایل اے پردیپ یادو، ستیانند بھوکتا، ونود کمار سنگھ وغیرہ راج بھون میں موجود تھے۔استعفیٰ دینے کے بعد راج بھون سے نکلنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چمپائی سورین نے کہا کہ ہم نے قیادت کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مجھے ذمہ داری دی گئی تھی۔ آج ہم نے سب کی رائے سے فیصلہ کیا ہے۔ ہمارا اتحاد مضبوط ہے اور ہمارا خیال ایک ہے۔ ہم نے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیا ہے اور ہم نے ہیمنت بابو کو لیڈر منتخب کیا ہے۔
اس سے پہلے آج یہاں لیجسلیچر پارٹی آف انڈیا الائنس کی میٹنگ میں ہیمنت سورین کو متفقہ طور پر لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔جے ایم ایم ذرائع کے مطابق ہیمنت سورین کو آج رانچی کے کانکے روڈ پر واقع چیف منسٹر کی رہائش گاہ پر حکمران اتحاد کی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں ایک بار پھر قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔ اس کے علاوہ موجودہ وزیر اعلی چمپائی سورین کوکوآرڈی نیشن کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔کانگریس کے جھارکھنڈ انچارج غلام احمد میر اور جھارکھنڈ پردیش کانگریس کے صدر راجیش کمار ٹھاکر بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ اس میٹنگ میں تمام اتحادی جماعتوں، جھارکھنڈ مکتی مورچہ، کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
قابل ذکر ہے کہ ہیمنت سورین کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 31 جنوری 2024 کو مبینہ زمین گھپلہ معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ اپنی گرفتاری سے قبل اس وقت کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے 31 جنوری 2024 کی رات راج بھون جاکر گورنر سی پی رادھا کرشنن کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا تھا۔ اس کے بعد چمپائی سورین کو نیا وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔ چمپائی سورین نے 2 فروری 2024 کو جھارکھنڈ کے 12ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔