پٹنہ (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے آج کہا کہ انہوں نے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے پارلیمانی بورڈ کے صدر اوپیندر کشواہا کا پورا احترام کیا ہے، اگر انہیں کوئی مسئلہ ہے تو وہ میڈیا کے بجائے ان سے آکر بات کریں۔ جمعرات کو گاندھی میدان میں یوم جمہوریہ پر پرچم کشائی کی تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر کمار نے کہا کہ وہ مسٹر اپیندر کشواہا کو پارٹی میں لائے اور انہیں ایک باعزت مقام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘انہیں پوری عزت ملی، پھر بھی وہ باہر صرف بیانات دے رہے ہیں، اگر انھیں کوئی مسئلہ ہے تو وہ مجھ سے بات کریں، بیٹھیں، ان کا مسئلہ حل ہو جائے گا، میڈیا میں بیانات دینے سے کچھ نہیں ہوتاہے۔قابل ذکر ہے کہ جب مسٹر کشواہا نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں اپنا طبی معائنہ کروا رہے تھے تو بہار کے بی جے پی کے کئی رہنما وہاں ان سے ملنے گئے تھے۔ ان کی تصویر منظر عام پر آنے کے بعد ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں۔ درحقیقت، گزشتہ دنوں مسٹر اوپیندر کشواہا کو نائب وزیر اعلیٰ بنانے کو لے کر سیاسی گلیاروں میں کافی چرچا ہوا تھا، اس پر مسٹر کشواہا نے کھلے عام اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا، ”وہ کوئی سنیاسی نہیں ہیں۔ بات چل رہی ہے تو اچھی بات ہے “۔تاہم اس کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس طرح کی خبروں کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ سات جماعتوں کے عظیم اتحاد میں وزراءکی تعداد طے کر دی گئی ہے۔ جے ڈی یو سے کوئی نیا وزیر نہیں بنایا جائے گا۔ اس کے بعد سے مسٹر کشواہا کے ناراض ہونے کی خبریں آ رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نتیش کمار سے گزشتہ ہفتہ جب صحافیوں نے مسٹر اپیندر کشواہا کی بی جے پی کے ساتھ بڑھتی قربت کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس سے واقف نہیں ہیں لیکن کوئی بھی کہیں جانے کے لئے آزاد ہے۔ ویسے بھی وہ دو تین بار ہمیں چھوڑ کر باہر گئے اور پھر خود واپس آئے۔ان کی کیا خواہش ہے انہیں اس کا علم نہیں ہے ۔
جاری۔۔ یواین آئی۔ قمر