آئندہ میقات کی صدارت کے لئے مولانا سید ارشد مدنی کے نام کی سفارش
ممبئی (یو این آئی) صدر جمعیۃعلماء ہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی کی ہمہ گیر ملکی،ملی اور سماجی بے مثال خدمات کے پیش نظر آئندہ میقات کے لئے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی مجلس عاملہ نے باتفاق رائے ایک بار پھرجمعیۃعلماء ہند کی صدارت کیلئے مولانا سید ارشد مدنی کے نام کی سفارش کی ہے۔ جمعیۃعلماء ہند کے ناظم عمومی مفتی سید معصوم ثاقب صاحب کے سرکلر مجریہ20؍ نومبر2023ء کی روشنی میں آئندہ میقات کے لئے جمعیۃعلماء ہند کے صدر کے نام کی سفارش کے لئےقلب ممبئی میں واقع جمعیۃعلماء کےریاستی دفتر میں اراکین مجلس عاملہ و مدعوئین خصوصی کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت مولاناحافظ مسعود احمد حسامی (کارگزار صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر) منعقد ہوا ،اجلاس میں تمام حاضرین نے باتفاق رائے آئندہ میقات صدارت کے لئے حضرت مولانا سید ارشد مدنی مد ظلہ کے نام کی سفارش کی ۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی جاری خدمات پر روشنی ڈالی ،اور ارکان مجلس عاملہ کویہ اطلاع دی کہ دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے زیر انتظام علاقہ ودربھ کے ضلع آکولہ اور بلڈانہ میں چلنے والے مکاتب دینیہ میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کےتعلیمی مظاہرہ کا پروگرام 7جنوری کوطے کیا گیا ہے،نیزدینی تعلیمی بورڈ کے نظام کو پورے صوبہ میں پھیلانے کے لئے یہ طے پایا کہ مہاراشٹر کے تمام اضلاع کے ذمہ داروں کو مکتوب روانہ کرکے ان کواس جانب متوجہ کیا جائے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کا سروے کرکے ایسے مقامات کی نشاندہی کریں جہاں مسلمان غربت کی وجہ سے مکاتب دینیہ قائم نہیں کرسکے ہیں،اور نسل نو دین کی بنیادی معلومات سے محروم ہے ۔دوران گفتگو یہ بھی طے پایا کہ آپسی نزاعی معاملات کو حل کرنے کے لئے شرعی پنچایت کا نظام قائم کیا جائے،اور اس سلسلہ میں امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی اور نائب امیر الہند مفتی سید سلمان منصورپوری کو خط لکھ کر ان سے گفتگو بھی کی جائے۔
مجلس میں حاضراراکین نے بھی حالات حاضرہ پر سیر حاصل گفتگو کی ،اوربحث و مباحثہ کے بعد چند ایک تجویز بھی پاس کی۔اس اجلاس میں پورے ریاست سے اراکین عاملہ نے شرکت کی جن میں مولانا حافظ مسعود احمد حسامی(ناگپور )، الحاج ڈاکٹر عبد المنان شیخ (میرج ) ، مولانا حافظ محمد ذاکر صدیقی(بیڑ)،مولانا حلیم اللہ قاسمی (بھیونڈی ) مفتی محمد یوسف قاسمی (کھار)،حافظ عظیم الرحمٰن صدیقی (ممبئی )،مفتی حفیظ اللہ قاسمی (بھیونڈی)مولانا محمد عارف عمری (وسئی) ،مفتی محمد اسماعیل قاسمی (مالیگائوں)،مولانا محمد اسلم القاسمی (ملاڈ )،قاری محمد یونس چودھری (مالونی )مولانا عبد الصمد قاسمی(نالا سوپارہ)مولانا عبد القیوم قاسمی (مالیگائوں)،قاری محمد ادریس انصاری(پونے)،مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی (پربھنی )مفتی محمد محسن قاسمی(اورنگ آباد) حافظ شیخ خلیل اللہ (بلڈانہ)، مدعوئین خصوصی میں مولانا عظیم الدین ندوی (آکولہ)مولانا امتیاز اقبال (مالیگائوں )مولانا محمد زبیر قاسمی (پوئی)حاجی محمد صغیر خان (امبر ناتھ )،حاجی محمد قریش صدیقی(نوی ممبئی )مولانا محمد زکریا ناندولیہ (میرا روڈ) کے نام قابل ذکر ہیں۔