اسلام آباد(یواین آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی ارشد شریف کے اندوہناک قتل کو اپنی گھٹیا سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور ریاستی اداروں پر شکوک و شبہات کا اظہار کر رہے ہیں ۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی خطرناک کھیل، کھیل رہے ہیں ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران نیازی ارشد شریف کے اندوہناک قتل کو اپنی گھٹیا سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور ریاستی اداروں پر شکوک و شبہات کا اظہار کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو صبر سے کام لینا چاہئے اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے بجائے جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات کے نتائج کا انتظار کرنا چاہئے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ یہ دکھ کی گھڑی ہے، ارشد شریف ہمارے ذاتی دوستوں میں تھے اور بڑے قد آور صحافی بھی تھے، ان کا اس انداز میں جانا اندوہناک واقعہ ہے، اور اس کی مکمل تفتیش ہونی چاہیے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر کینیا پولیس کی جانب سے مؤقف آیا، اس پر بحث شروع ہوگئی، اور مختلف سوالات اٹھے جس میں یہ بھی شامل تھا کہ ارشد شریف کن حالات میں پاکستان سے گئے، اور کس کے کہنے پر گئے، اس حوالے سے عمران خان نے خود کہا تھا کہ میں نے ارشد شریف کو کہا تھا کہ پاکستان سے چلے جائیں۔