سری نگر (یو این آئی) مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بھارت، پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کو واپس لانے کے متعلق پارلیمنٹ میں منظور کی گئی 1994 کی قرار داد کو نافذ کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا: ’بھارت، پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے ہر شہری کے درد کو محسوس کرتا ہے جہاں لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانا اور ہراساں کرنا معمول بن گیا ہے‘۔
بتادیں کہ پارلیمنٹ میں 22 فروری 1994 کو ایک قرار داد پاس کی گئی جس میں پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس کے قبضے والے کشمیر کے حصے کو خالی کرے۔ موصوف وزیر دفاع نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں بڈگام میں 76 ویں انفنٹری دن کے موقعہ پر فوج کے زیر اہتمام ‘شوریہ دیوس‘ سے خطاب کے دوران کیا۔
اس موقع پر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا: ’بھارت، پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے لوگوں کے درد کو محسوس کر رہا ہے جہاں لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانا اور ہراساں کرنا معمول بن گیا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’پاکستانی حکومت پاکستان زیر قبضہ کشمیر میں نفرت کے بیچ بو رہی ہے اور وہ وقت دور نہیں ہے جب وہاں لوگ بڑے پیمانے پر آواز بلند کریں گے‘۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ بھارت پاکستان زیر قبضہ کشمیر بشمول گلگت اور بلتستان کو واپس لینے کے متعلق پارلیمنٹ میں منظور کی گئی 1994 کی قرار داد کو نافذ کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا: ’پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے لوگوں کو تمام تر بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے جس سے ہم اچھی طرح باخبر ہیں‘۔ان کا کہنا تھا: ’سردار ولبھ بھائی پٹیل کا خواب اس دن پورا ہوگا جب سال1947 کے تمام مہاجروں کو اپنی زمین اور اپنے گھر واپس ملیں گے‘۔انہوں نے کہا: ’اور میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ وہ دن ضرور آئے گا‘۔وزیر دفاع نے کہا کہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر تعمیر و ترقی اور کامیابی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا: ’قبل ازیں کشمیر کا سماج ٹکڑوں میں بٹا ہوا تھا لیکن مذکورہ دفعہ کے خاتمے کے بعد سے یہاں تمام طبقوں کے لوگ ایک ساتھ تعمیر و ترقی اور کامیابی کی راہ پر گامزن ہیں اور یہ ابھی شروعات ہی ہیں‘۔
راجناتھ سنگھ نے کہا کہ دفعہ 370 کی تنسیخ سے جموں وکشمیر میں نئی شروعات ہوئیں۔انہوں نے کہا: ’جموں وکشمیر کے لوگوں نے جموں وکشمیر کے بھارتی یونین میں مکمل طور پر ضم ہونے کو حمایت کی‘۔ان کا کہنا تھا کہ آج جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹریز ترقی کر رہی ہیں اور تمام طبقے کے لوگو ں کو ان کے حقوق مل رہے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ سال1947 میں بھارتی فوج نے دشمنوں کا بھر پور اور موثر جواب دیا جنہوں نے کشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی۔انہوں نے کہا: ’میں ان انفنٹری ریجمنٹس کو خراج پیش کرتا ہوں جنہوں نے بیش بہا قربانیاں پیش کرکے حملہ آوروں کو واپس دھکیلا‘۔
ان کا کہنا تھا: ’انفنٹری دن ہمیں دشمنوں کو جڑ سے اکھاڑنے اور ملک کی سالمیت کو محفوظ رکھنے کے عہد کو تازہ کرنے کی یاد دلاتا ہے‘۔
انہوں نے ملک کے سرحدوں اور ملک کو تحفظ فراہم کے لئے فوجی جوانوں کے رول کی سراہنا کی۔