نئی دہلی(پریس رلیز)ریسرچ اسکالرس فورم، شعبۂ عربی، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیر اہتمام تیتالیسویں ان ہائوس سیمینار کا پروفیسر عبدالماجد قاضی صدر شعبۂ عربی، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی صدارت میںشعبہ کی ڈاکٹر عبدالحلیم ندوی لائبریری میں انعقاد کیاگیا۔ جس میں شعبہ کے اساتذہ اور ریسرچ اسکالرس نے شرکت کی۔ پروگرام کے آغاز میں ریسرچ اسکالر صائمہ نذیر نے صدر جلسہ، اساتذہ کرام ا ور ریسرچ اسکالرس کا استقبال کیا۔ اس کے بعدشعبہ کی ریسرچ اسکالر ارم زہرہ رضوی نے ’’اردن میں عربی ناول ‘‘ کے موضوع پر اپنا مقالہ پیش کیا جس میں انھوں نے اردن میں ناول کی ابتدا ، اس کے مختلف مراحل، اہم ناول نگاروں کی خدمات اور ان کے اہم ناولوں نیز موضوعات اور اردن کے ناولوں کی خصوصیت پر گفتگو کی۔
ریسرچ اسکالرکے مقالہ کے بعد شعبہ کے اساتذہ اور ریسرچ اسکالرس نے مقالہ سے متعلق سوالات کئے جن کے جوابات انھوںنے میں دئے ۔ پروگرام کے آخر میں سیمینار کے صدر پروفیسر عبدالماجد قاضی صدر شعبۂ عربی، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اپنے صدارتی خطاب کے آغاز میں ریسرچ اسکالر کو مقالہ پیش کرنے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ہم ان ہاؤس سیمینارز میں اپنے اسکالرز کو ان کی پی ایچ ڈی سے متعلق کسی موضوع پر مقالہ پیش کرنے کے لئے کہتے ہیں تاکہ ان کی تحقیق متاثر نہ بلکہ اس میں اور نکھار پیدا ہو۔صدر شعبہ نے ریسرچ اسکالرس کو کسی سیمینار یا کانفرنس میں مقالہ پیش کرنے کے آداب اور اس کے اسلوب کے بارے میں بھی بتایا اور کہا جب آپ کسی موضوع پر مقالہ لکھیں تو لازم ہے کہ آپ اس موضوع کے ساتھ ساتھ اس سے متعلق موضوعات کو بھی اپنے مطالعہ میں شامل کریں، آپ نے ریسرچ اسکالر کو اپنے مفید مشورںسے بھی نوازا۔
ان ہاؤس سیمینار کے اختتام پر ریسرچ اسکالر فورم کے ایڈوائزر پروفیسر نسیم اختر ندوی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس ان ہاؤس سیمینار کی نظامت کے فرائض شعبہ کی ریسرچ اسکالر صائمہ نذیر نے انجام دی۔