نئی دہلی(پریس ریلیز)عوامی ایکتا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام چوہان بانگر، نیوسیلم پور میں ہیلتھ ویلنس سنٹر کا افتتاح سیلم پور کے ایم ایل اے عبدالرحمن کے بدست عمل میں آیا۔ یہاں رعایت کے ساتھ ای سی جی اور خون کی جانچ کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر عبدالرحمن نے کہا کہ طب یونانی عوام کا پسندیدہ طریقہ علاج ہے۔ لہٰذا اس کا فروغ ضروری ہے اور ہم اس کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پروفیسر امریٹس دہلی یونیورسٹی ڈاکٹر عبدالحق نے کہا کہ عوام کی ضرورتوں کو پورا کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے، ہم حسب استطاعت لوگوں کی مدد کریں اور اس کی شروعات اپنے گھر اور گلی محلوں سے کریں یہ زیادہ افضل ہے۔ خدا کے بندوں کی خدمت خدا کو راضی کرنے کا بہترین وسیلہ ہے۔ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ کار اور عملی زندگی عوام الناس کی خدمت کے لیے بہترین مثال ہے۔ افتتاحی پروگرام میں مہمان ذی وقار کے طور پر ڈاکٹر سیّد احمد خاں، ڈاکٹر عبدالسلام فلاحی، ڈاکٹر ذکی الدین کے علاوہ ڈاکٹر فہیم ملک، ڈاکٹر شاداب، محمد شاہد خاں، حاجی شمیم، محمد مزمل، حکیم آفتاب عالم، اسرار اجینی، حافظ محمد شکیل، کامل قریشی، یوسف ملک وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ تمام شرکاء کا شکریہ عوامی ایکتا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری حکیم عطاء الرحمن اجملی نے ادا کیا۔