نئی دہلی، 15 جنوری (یو این آئی) کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کے روز پارٹی کے صدر دفتر کی نئی عمارت کا افتتاح کیا کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں نے دیے جلائے اور پرچم لہراکر پارٹی کے نئے ہیڈکوارٹر اندرا بھون کے رسمی افتتاح کا جشن منایا۔اس کے ساتھ، طویل عرصے تک 24 اکبر روڈ پر رہنے کے بعد، کانگریس صدر دفتر اب 9 کوٹلہ روڈ پر واقع انتہائی جدید سہولیات سے آراستہ اندرا بھون میں منتقل ہو گیا ہے۔
کانگریس کے نئے صدر دفتر کے باضابطہ افتتاح کے بعد یہاں سے پارٹی کی کارروائیاں شروع ہو گئی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ مارچ کے آخر تک کانگریس پارٹی کا صدر دفتر یہاں سے مکمل طور پر کام کرنا شروع کر دے گا۔کانگریس نے نئی عمارت کی افتتاحی تقریب میں 400 سے زیادہ سرکردہ لیڈروں کو مدعو کیا تھا، جن میں پارٹی کے تمام ارکان پارلیمنٹ، ریاستی صدور، قانون ساز پارٹیوں کے قائدین اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے تمام ارکان شامل ہیں۔
دریں اثناء، پارٹی نے اپنے نئے ہیڈکوارٹر اندرا بھون کے بارے میں ٹویٹ کیا، "کانگریس کا نیا دفتر جمہوریت، حب الوطنی، سکیولرازم، جامع ترقی اور سماجی انصاف کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے۔ کانگریس کی 140 سالہ شاندار تاریخ کو سمیٹی ہوئی یہاں کی دیواریں سچائی، عدم تشدد، قربانی، جدوجہد اور حب الوطنی کی داستان بیان کرتی ہیں۔ نئی توانائی، نئے عزم اور نئے اعتماد کے ساتھ، کانگریس ہندوستان کے روشن مستقبل کی تشکیل کرنے، لوگوں کی شمولیت کو یقینی بنانے اور انصاف کا پرچم لہرانے کے لیے تیار ہے۔”
دریں اثناء کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ پارٹی کا نیا ہیڈکوارٹر ‘اندرا بھون’ کوئی عام عمارت نہیں ہے بلکہ کانگریس کی 140 سالہ شاندار تاریخ کی علامت ہے۔آج یہاں کانگریس کے نئے ہیڈکوارٹر کے افتتاح کے موقع پر بات کرتے ہوئے محترمہ واڈرا نے کہا “انڈین نیشنل کانگریس اپنی 140 سال کی شاندار تاریخ کے ساتھ آج ایک نئی عمارت میں داخل ہو رہی ہے۔ یہ اندرا بھون ہماری 140 سال کی شاندار تاریخ کو سمیٹے ہوئے ہے۔ اس کی دیواروں پر ہماری تحریک آزادی، سچائی، عدم تشدد، شہادت، ستیہ گرہ، خدمت، ہم آہنگی اور ہندوستانی قوم پرستی کی علامتیں کندہ ہیں۔ یہ ہندوستانیت کے نظریہ اور ہمارے آئین کی روح کو مضبوط بنا کر ملک کی ترقی کا مرکز بنے گا۔‘‘
انہوں نے کہا ‘یہ عمارت ہماری تحریک آزادی کے عظیم شہداء، آزادی پسندوں، ملک کی تعمیر کرنے والے عظیم شخصیات اور کانگریس کے کروڑوں کارکنوں کے جذبہ خدمت اور لگن کی بھی علامت ہے جنہوں نے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ اس تاریخی موقع پر کانگریس کے ہر لیڈر اور کارکن کو مبارکباد۔