نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس نے جمعرات کو دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے دو ضمانتوں کا اعلان کیا، جس میں پہلی گارنٹی ‘مفت بجلی اسکیم’ اور دوسری ضمانت ‘مہنگائی مکتی یوجنا’ ہے۔کانگریس نے مفت بجلی اسکیم کے تحت دہلی کے لوگوں کو 300 یونٹ بجلی مفت دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مہنگائی ریلیف اسکیم کے تحت 500 روپے میں گیس سلنڈر اور راشن کٹ مفت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے جس میں پانچ کلو چاول، دو کلو چینی، ایک لیٹر تیل، چھ کلو دالیں اور 250 گرام چائے کی پتی شامل ہے۔
ان دونوں اسکیموں کا اعلان تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر راجیو بھون میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر دہلی کے ریاستی صدر دیویندر یادو، دہلی کانگریس کے انچارج قاضی نظام الدین، تلنگانہ کے وزیر پی سرینواس ریڈی، تلنگانہ کے رکن اسمبلی ملو روی اور رگھویر ریڈی موجود تھے۔ اس کے ساتھ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری دانش ابرار اور سمپت کمار، سابق وزراء ڈاکٹر نریندر ناتھ، مسٹر ابھے دوبے، محترمہ اسماء تسلیم اور محترمہ رشمی میگلانی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر مسٹر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ہم نے شراب گھپلہ کے چھوٹے پارٹنر کو شکست دے کر واپس بھیج دیا اور دہلی میں شراب گھپلہ کے سرغنہ کو شکست دے کر دہلی کے عوام کو بدعنوانی، خراب حکمرانی سے نجات دلائیں گے۔مسٹر ریڈی نے کہا کہ ہم نے تلنگانہ میں حکومت بنانے کے 13 ماہ میں عوام کو دی گئی پانچ ضمانتوں کو پورا کرنے کی کوشش کی۔ ہم نے پہلے ہی سال تلنگانہ میں 21 ہزار کروڑ روپے کے کسانوں کے قرض معاف کر دیے، جبکہ 2 لاکھ روپے تک کے قرضے معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ 55143 نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دی گئی ہیں جس سے بے روزگاری کے مسئلے سے نجات ملی ہے۔ اب تک 1.20 کروڑ خواتین کو مفت بس سفر فراہم کرنے پر 4000 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں، 50 لاکھ کنبوں کو 500 روپے میں گیس سلنڈر فراہم کیے گئے ہیں، 50 لاکھ کنبوں کو 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا، "کانگریس اپنے وعدوں کو پورا کرتی ہے۔ میں دہلی کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ 5 فروری کو دہلی میں کانگریس کو ووٹ دیں، کانگریس دہلی کے لوگوں کی ضروریات پوری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاند اور پیرس کے خواب دکھاتے ہیں لیکن حقیقت میں دہلی کے لوگ آنسو بہاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر نریندر مودی نے تین بار، مسٹر اروند کیجریوال تین بار اور شیلا دکشت تین بار جیتی تھیں، اگر آپ اس کا موازنہ کریں تو فرق صاف نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا، ”مسٹر مودی اور مسٹر کیجریوال نے عوام سے کیا گیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، جب کہ مسز دکشت نے دہلی کے لوگوں سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کیا۔ مسٹر مودی ہندوستان کو چاند پر لے جانے کی بات کرتے ہیں، مسٹر کیجریوال دہلی کو پیرس جیسا بنانے کی بات کرتے ہیں، لیکن ان دونوں نے دہلی کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسز دکشت کے 15 برسوں میں جو ترقی ہوئی اسے عام آدمی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے برباد کر دیا ہے، دہلی کو آلودگی، ٹرانسپورٹ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بری حالت میں چھوڑ دیا ہے۔
مسٹر یادو نے کہا، "یہ تبدیلی کا وقت ہے، دہلی کے لوگ تبدیلی لائیں گے، ہم عوام سے اپنی ضمانتیں پوری کریں گے اور ان کی ترقی اور زندگی کو تیز کریں گے۔ اے اے پی، بی جے پی کی شکست مہنگائی سے آزادی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا، "بھارت جوڑو یاترا سے تحریک لے کر، ہم نے ایک ماہ تک دہلی نیائے یاترا کا اہتمام کیا۔ ہم دہلی کے ہر کونے، گلی اور محلے میں گئے اور دہلی کے لوگوں کے درد اور مسائل کو سمجھنے کے بعد ہم نے دہلی کے لوگوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے پانچ ضمانتیں دینے کا فیصلہ کیا۔
مسٹر نظام الدین نے کہا، "کانگریس ایک قابل اعتماد پارٹی ہے جس میں راہل جی کی ساکھ اور کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے جی کی ساکھ ہے، ہم دہلی کے لوگوں کو دی گئی ہر ضمانت کو پورا کریں گے۔