پٹنہ (یواین آئی) وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج انوگرہ نارائن کالج میں نوتعمیر دیش رتن ڈاکٹر راجندر پرسادکثیر المقاصد عمارت کا ربن کاٹ کر اور نیم پلیٹ کی نقاب کشائی کرکے افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے نو تعمیرعمارت کا معائنہ بھی کیا۔
وزیراعلیٰ نے کالج احاطہ کا بھی معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کالج انتظامیہ کو خالی جگہوں پر پڑھائی کے حوالے سے جس قسم کے تعمیراتی کام کی ضرورت ہے اس میں وہ تعاون کریں۔ عمارت کی توسیع کے تعلق سے ان کا کوئی منصوبہ ہے تو اس پر بھی کام کریں۔ انوگرہ نارائن کالج سے ہمارا پرانا تعلق ہے۔ جب ہم رکن اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ تھے تب بھی یہاں ٹہلنے کے لیے آتے تھے۔ جب سے ہم حکومت میں آئے ہیں، ہم نے انوگرہ نارائن کالج کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کیا ہے۔ انوگرہ نارائن کالج بہتر کالج ہے، یہاں پڑھائی باقاعدہ طور سے کراتے رہیں۔ کالج کیمپس کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں اور ہر چیز کا منظم طریقے سے انتظام کریں۔
پروگرام کے آغاز میں وزیر اعلیٰ نے آنجہانی انوگرہ نارائن سنگھ اور آنجہانی ستیندر سنہا کی تصویر پر گلپوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ کا استقبال مومینٹو اور پھولوں کے گلدستہ سے کیا گیا۔
اس موقع پر عمارت تعمیر ات کے وزیراشوک چودھری، بہار اسٹیٹ ایجوکیشنل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر بی کارتیکے دھنجی، مگدھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ششی پڑتاپ شاہی، پاٹلی پترا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر آر کے سنگھ۔ انوگرہ نارائن سنگھ کالج کے پروفیسر (ڈاکٹر) پروین کمار، پٹنہ کے ڈی ایم مسٹر چندر شیکھر سنگھ، ایس ایس پی مسٹرراجیو مشرا، بہار اسٹیٹ سٹیزن کونسل کے سابق جنرل سکریٹری مسٹر اروند کمار اور دیگر سینئر افسران، پروفیسرز اور معززین موجود تھے۔