پٹنہ (یواین آئی )بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ ،پٹنہ کی میٹنگ دفتر واقع حج بھون،پٹنہ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت بورڈ کے چیرمین الحاج محمد ارشاد اللہ نے کی۔ میٹنگ میں احمد اشفاق کریم، راجیہ سبھارکن،ایس ۔ایم قیصر سلطان(آئی۔اے ۔ایس) جوائنٹ سکریٹری ،محکمہ محصولات و اصلاحات اراضی، سید اللہ ایڈوکیٹ، مولانا سید شاہ سیف الدین فردوسی، سجادہ نشیں خانقاہ معظم بہار شریف، خورشید انور صدیقی، چیف ایکزیکیوٹیو آفیسر بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈاور راشد رئیس ریٹینر ایڈوکیٹ نے شرکت کی۔
میٹنگ میں انتظامیہ کمیٹی ، ضلع اوقاف کمیٹی اور متولی کی بحالی کی منظوری دی گئی۔ آئی۔سی۔آئی۔سی آئی فاو نڈیشن کے اشتراک سے چلائے جا رہے ووکیشنل کورسیز کو نئی نسل کے لئے مفید قرار دیتے ہوئے جاری رکھنے کے لئے مزیدرقم (وقف فنڈ)کی منظوری دی گئی۔ ممبران نے اتفاق رائے سے اس تجویز کو پاس کیا کہ محمدی جان وقف اسٹیٹ نمبر 14 پادری کی حویلی ، خواجہ کلاں ،پٹنہ سیٹی کی وقف اراضی پر وقفہ ہیلتھ سینٹر(شفاخانہ) قائم کیا جائے، تاکہ سماج کے غریب لوگوں کو کم خرچ میں علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرائی جا سکے۔ عام لوگوں کی سہولیات کے مدنظر ایسے اضلاع جہاں اقلیتوں کی اکثریت ہے وہاں وقف اراضی پر مسافر خانے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا مینجمنٹ وقف بورڈ کے ذریعہ کیا جائے گا۔
بورڈ کے چیرمین محمد ارشاد اللہ نے کہا کہ بورڈ کے ممبران نے بورڈ کے مفاد کے مدنظرمذکورہ بالا تجاویز کو منظوری دی ہے ،انہوں نے کہا کہ خدمت خلق بہت بڑی عبادت ہے، اس سے جہاں وقف املاک کی ترقی ہوگی وہیں سماج کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انہوںنے کہا کہ مستقبل میں درگاہ حضرت شاہ جلال شہید وقف اسٹیٹ نمبر 663 نزد ہائی کورٹ ،پٹنہ کی اراضی پر بھی وقف ہیلتھ سینٹر(شفاخانہ) قائم کیا جائے گا، جس کا مینجمنٹ بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کرے گا۔ اضلاع میں واقع وقف اسٹیٹ کے مستفدین کی لسٹ تیار کرائی جائے گی، جس سے کمیٹی کی تشکیل میں شفافیت آئے گی اور زیادہ لوگوں کی حصہ داری بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ وقف اراضی کے بہتر انتظامات اور اس کی ترقی کے لئے مسلسل کوشاں ہے اوروقف ایکٹ و وقف رول کی روشنی میں اس کے لئے بہتر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بہار اسٹیٹ وقف ترقیاتی اسکیم کے تحت انجمن اسلامیہ وقف اسٹیٹ نمبر 1257 ، ضلع کشن گنج ، بابا مخدوم شاہ انجان پیر وقف اسٹیٹ نمبر 2353 مزار گلی، شیخ پورہ، پٹنہ اور وقف اسٹیٹ نمبر 674 میر غیاث چک ، ضلع دربھنگہ کی اراضی پر G+3 کثیر المقاصد عمارت کو جس حالت میں ہے اسی حالت میں لینے (Take Over) کا فیصلہ کیا گیا، بہت جلد اس کی بکنگ وغیرہ شروع کی جائے گی جس سے اس کا فائدہ عام لوگوں کو ملے گا۔انہوں نے سبھی وقف اسٹیٹ کے متولیسکریٹری سے گزارش کی کہ وقف اراضی کا رجسٹر2 میں اندراج کرائیں اور اپنے اپنے اوقاف کی اراضی کی تفصیلات حلقہ Revenue دفتر کو موصول کرائیں تاکہ اسے رجسٹر 2 میں درج کرایا جا سکے، اس سے اوقاف کی اراضی کی حفاظت ہوگی۔