نئی دہلی( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): قومی راجدھانی دہلی میں گزشتہ کئی روز سے ہو رہی بارش جمعہ کے روز بھی جاری رہی۔ جس کے سبب کئی علاقوں میں پانی بھر گیا اور معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔ ایک طرف جہاں پانی بھرنے کے سبب لوگ پریشان حال ہیں وہیں سڑکوں پر بھی ٹریفک جام کے درمیان گاڑیوں کی رفتار ماند پڑ گئی۔
ذہن نشیں رہے کہ راجدھانی میں جمعہ کے روز بھی مطلع ابر آلود رہا اور تمام علاقوں میں ہلکی بارش ہوتی رہی۔ وہیں، انڈیگو ایئر لائنز نے اپنے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دہلی ہوائی اڈے کے سفر کے دوران جلدی گھر سے نکل جائیں کیونکہ شہر کے کئی حصوں سے پانی بھر جانے کی اطلاعات ہیں۔ گڑگاؤں اور نوئیڈا میں بھی انتظامیہ نے موسمی حالات کے پیش نظر رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔
گڑگاؤں انتظامیہ نے نجی اداروں اور کارپوریٹ دفاتر کے لئے جاری کی گئی رہنما ہدایات میں کہا ہے کہ اپنے ملازمین سے کہیں کہ وہ سڑکوں پر ٹریفک کی بھیڑ سے بچنے کے لیے گھر سے کام کریں۔ وہیں، نوئیڈا کے آٹھویں جماعت تک کے تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے کیونکہ شہر کی کئی سڑکیں مسلسل بارش کی وجہ سے زیر آب آ گئی ہیں۔
دہلی ٹریفک پولیس کے مطابق ہنومان مندر کیرج وے، لبسپور انڈرپاس، مہارانی باغ-تیمور نگر کٹ، سی ڈی آر چوک، مہرولی سے گڑگاؤں، اندھیریا موڑ سے وسنت کنج، نظام الدین برج کے نیچے اور سنگھو بارڈر پٹرول پمپ کے نزدیک پانی بھرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ پولیس نے مسافروں کو ان علاوقوں میں جانے سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔