لکھنؤ:(یواین آئی)سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے دعوی کیا کہ انڈیا اتحاد بی جے پی کو لوک سبھا الیکشن میں ملک میں 400سیٹوں پر شکست فاش دے گا۔پریاگ راج میں جمعرات کو میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی جمہوریت کو ختم کررہی ہے۔ جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لئے بی جے پی کو ہٹانا ہوگا۔ بی جے پی حکومت نے کسانوں اور نوجوانوں کے سامنے بحران پیدا کردیا ہے۔ بی جے پی نے عوام سے جھوٹا ودہ کیا۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی نہیں ہوئی۔ مہنگائی بڑھتی گئی لیکن کسانوں کو ان کی فصلوں کی صحیح قیمت نہیں ملی۔
نوجوانوں کو نوکری، روزگار نہیں مل رہا ہے۔ بی جے پی حکومت کے دور میں ہر مسابقتی امتحان کا پرچہ لیک ہوا ہے۔ بی جے پی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ طلباء اور نوجوان دن رات محنت کرتے ہیں۔ امتحانات دیتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ یہ لیک ہو گئے ۔
پریاگ راج میں امتحانات کی تیاری کرنے والے طلباء اور نوجوان جانتے ہیں کہ انہیں نوکری حاصل کرنے کے لیے کتنی جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ حال ہی میں پولیس بھرتی کے امتحان کا پرچہ لیک ہوا تھا۔ آر او اور اے آر او کا پرچہ لیک ہو گیا۔اس سے پہلے بھی مسابقتی امتحانات کے کئی پرچے لیک ہو چکے ہیں۔ اس حکومت میں ہر پیپر لیک ہو رہا ہے۔ بی جے پی حکومت جان بوجھ کر پیپرز لیک کرتی ہے تاکہ نوکریاں نہ دینی پڑیں۔ نوجوانوں کا مستقبل تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔یادو نے کہا کہ اگر نوجوانوں کو روزگار حاصل کرنا ہے تو بی جے پی حکومت کو ہٹانا ہوگا۔ بی جے پی حکومت میں نوجوانوں کو روزگار نہیں ملے گا۔ عوام مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار ہیں۔ بی جے پی سماج میں نفرت پھیلا رہی ہے۔ بی جے پی حکومت میں ملک کی سرحدیں غیر محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابی بانڈز میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہواہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد بھی الیکٹورل بانڈز کی فہرست نہیں دی جا رہی۔ آخر یہ سب کیوں چھپایا جا رہا ہے؟ عوام الیکشن کا انتظار کر رہے ہیں۔ عوام بی جے پی کو ہٹانے کے لیے تیار ہے۔