بیجنگ/نئی دہلی، 29 اگست (یو این آئی) ہندوستان اور چین نے جمعرات کو سرحدی معاملات پر مشاورت اور کوآرڈی نیشن ورکنگ میکانزم (ڈبلیو ایم سی سی) کی 31ویں میٹنگ میں مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر زیر التوا مسائل کے جلد حل کے آگے تبادلہ خیال کیا ۔
وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں ایک ریلیز میں کہا کہ ڈبلیو ایم سی سی کی 31ویں میٹنگ آج 29 اگست کو بیجنگ میں منعقد ہوئی۔ ہندوستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے جوائنٹ سکریٹری (مشرقی ایشیا) گورنگ لال داس نے کی۔ چینی وفد کی قیادت چینی وزارت خارجہ کے محکمہ سرحدی اور سمندری امور کے ڈائریکٹر جنرل ہانگ لیانگ کر رہے تھے۔
گزشتہ ماہ استانا اور وینتیانے میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان میٹنگوں میں کئے گئے اتفاق کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازعہ پر بات چیت میں تیزی لانے اور گزشتہ مہینہ منعقدہ ڈبلیو ایم سی سی کی میٹنگ کو اٖگے بڑھانے کے لئے دی گئی رہنمائی کے مطابق دونوں فریقوں کے درمیان صاف، تعمیری اور مستقبل کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں فریقوں نے اختلافات کو کم کرنے اور زیرالتوا مسائل کا جلد از جلد حل تلاش کرنے کے لیے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے سفارتی اور فوجی چینلز کے ذریعے رابطوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں فریقوں نے دونوں حکومتوں کے درمیان متعلقہ دوطرفہ معاہدوں، پروٹوکول اور مفاہمت کے مطابق مشترکہ طور پر سرحدی علاقوں میں امن و سکون برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ امن و سکون کی بحالی اور ایل اے سی کا احترام دوطرفہ تعلقات میں معمول کی بحالی کے لیے ضروری بنیادیں ہیں۔ہندستانی وفد کے سربراہ نے چینی وزارت خارجہ میں نائب وزیر سے بھی ملاقات کی۔