پٹنہ (پریس ریلیز):بہار میں اساتذہ بحالی اور ان کی سروس سے متعلق نئے ضابطے کو ملی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر اور کٹیہار کے کدوا حلقہ سے رکن اسمبلی ڈاکٹرشکیل احمد خان نے اسے تعلیم کے شعبے میں حکومت کا ایک بڑا قدم بتایا ہے۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں مہاگٹھ بندھن حکومت نے اساتذہ کو سرکاری ملازمین کا درجہ دینے کی جو پہل کی ہے وہ ایک انقلابی فیصلہ ہے۔ ڈاکٹر شکیل احمد خان نے کہا کہ اس قدم سے ایک جانب جہاں اساتذہ کو ان کا حق ملےگا وہیں کمیشن کے ذریعے تقرری ہونے پر معیاری اور قابل اساتذہ کی خدمات حاصل ہوں گی جس سے تعلیمی ماحول میں پائیداری آئے گی اور طلبہ کو معیاری تعلیم مل سکےگی ۔کدوا سے رکن اسمبلی شکیل خان نے بہار کی مہاگٹھ بندھن حکومت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی شعبہ کو مضبوطی دینے سے ہی قوم کی بہتر تعمیر کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے کانگریس اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے والی نتیش کی حکومت مسلسل کوشاں ہے۔شکیل احمد خان نے کہا کہ ایک طرف ملک کی بی جے پی حکومت ہے جو طلبہ کی اسکالرشپ بند کرکے انہیں تعلیم سے محروم رکھنا چاہتی ہے،نوکریاں ختم کر رہی ہے وہیں بہار کی مہاگٹھ بندھن سرکار طلبہ،اساتذہ اور تعلیم کے تئیں بیدار اور متحرک ہے۔