پٹنہ (یو این آئی) بہار میں حکمراں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے ٹکٹ پر پہلی بار تین امیدوار آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اپنی قسمت آزمائیں گے۔جے ڈی یو نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے 16 امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ جے ڈی یو نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں جیتنے والے اپنے 12 امیدواروں پرایک بار پھر اعتماد ظاہر کیا ہے، جب کہ پارٹی نے سیتامڑھی، سیوان اور کشن گنج میں اپنے امیدواروں کو تبدیل کیا ہے۔ جے ڈی یو کے کھاتے والی کاراکاٹ سیٹ اس بار راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کے حصے میں آئی ہے۔ اس کے بدلے میں بی جے پی کی جیتی ہوئی سیٹ شیوہر جے ڈی یو کو دی گئی ہے۔ جے ڈی یو نے شیوہر سے لولی آنند کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔
جے ڈی یو نے سیتامڑھی پارلیمانی سیٹ سے بہار قانون ساز کونسل کے چیئرمین دیویش چندر ٹھاکر کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ ساتھ ہی کشن گنج سے سابق ایم ایل اے مجاہد عالم اور سیوان پارلیمانی سیٹ سے سابق ایم ایل اے رمیش کشواہا کی اہلیہ وجیا لکشمی دیوی کو امیدوار بنایا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں جے ڈی یو کے ٹکٹ پر سیوان سے کویتا سنگھ، سیتامڑھی سے سنیل کمار پنٹو نے کامیابی حاصل کی تھی۔ کشن گنج پارلیمانی سیٹ سے کانگریس کے ٹکٹ پر سابق وزیر محمد حسین آزاد کے بیٹے ڈاکٹر محمد جاوید منتخب ہوئے تھے۔ ڈاکٹر جاوید کا مقابلہ جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے محمد اشرف سے تھا۔ ڈاکٹر جاوید نے جے ڈی یو امیدوار محمد اشرف کو شکست دی۔کشن گنج بہار کی واحد سیٹ ہے، جہاں مودی لہر میں بھی مہاگٹھ بندھن کے کانگریس امیدوار ڈاکٹر جاوید آزاد نے کامیابی حاصل کی تھی۔ 2019 کے انتخابات میں لوک سبھا کی 40 میں سے 39 سیٹوں پرنیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی۔ مہاگٹھ بندھن نے صرف ایک سیٹ کشن گنج پر جیت کا پرچم لہرایا تھا۔