پٹنہ 13 دسمبر ( یواین آئی ) جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر اس سال 29 دسمبر کو قومی ایگزیکٹیو کی میٹنگ طلب کی ہے۔جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری اور بہار قانون ساز کونسل کے رکن آفاق احمد خان نے بدھ کو یہاں کہا کہ پارٹی کے قومی صدر اور پارلیمانی پارٹی کے لیڈر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے 29 دسمبر 2023 کو صبح11.30 بجے نئی دہلی میں پارٹی کی قومی ایگزیکٹیو کی میٹنگ طے کی ہے۔
مسٹر خان نے کہا کہ جے ڈی یو کے سرکردہ لیڈر اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ اس کے ساتھ پارٹی کے سینئر رہنما نیشنل ایگزیکٹیو کی میٹنگ میںشامل ہوں گے۔مانا جا رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار حالیہ سیاسی پیش رفت اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس میٹنگ میں کوئی بڑا فیصلہ لے سکتے ہیں۔ اس میٹنگ میں ‘انڈیا’ اتحاد میں پارٹی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل جے ڈی یو کی قومی ایگزیکٹیوکی میٹنگ ستمبر 2022 میں پٹنہ میں ہوئی تھی۔ اس میٹنگ میں ایگزیکٹیو نے وزہراعلیٰ نتیش کمار کو ملک میں اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کا اختیار دیا تھا۔