ویویکانند ریڈی قتل معاملہ کی سماعت ، مقتول کا خط اور دیگر تفصیلات پیش کرنے سی بی آئی کو ہدایت،پیر تک کیلئے گرفتاری پرروک
حیدرآباد (ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل معاملہ میں الزامات کا سامنا کرنے والے کڑپہ کے رکن پارلیمنٹ اویناش ریڈی کو آج تلنگانہ ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت نے سی بی آئی کو ہدایت دی کہ پیر تک اویناش ریڈی کو گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے کیس سے متعلق تمام تفصیلات پیش کرنے سی بی آئی کو ہدایت دی۔سیاست نیوزکے مطابق رکن پارلیمنٹ اویناش ریڈی نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی جس میں درخواست کی گئی کہ سی بی آئی کو کسی بھی انتہائی اقدام سے روکنے کی ہدایت دی جائے ۔ عدالت نے اویناش ریڈی کے وکیل سے دریافت کیا کہ انتہائی اقدام کا مطلب کیا ہے ۔ آیا گرفتاری سے روکنے کی ہدایت دی جائے جس پر اویناش ریڈی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سی بی آئی تحقیقات میں مکمل تعاون کے باوجود سی بی آئی پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ سی بی آئی کے وکیل نے کہا کہ جانچ کی مکمل ویڈیو ریکارڈنگ کی جارہی ہے اور ہراسانی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ فریقین کی سماعت کے بعد ہائیکورٹ نے ویڈیو ریکارڈنگ کے بارے میں تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ عدالت نے کہا کہ اس مقدمہ سے متعلق مکمل فائل پیر کے دن عدالت میں پیش کی جائے ۔ سی بی آئی کے ایس پی رام سنگھ نے ہائیکورٹ میں تفتیش سے متعلق آڈیو اور ویڈیو ریکارڈ پر مشتمل ہارڈ ڈسک پیش کیا ۔ ججس نے کہا کہ وہ کیس کی مکمل فائل کے ساتھ ہارڈ ڈسک کو قبول کریں گے۔ پیر کے دن مہربند لفافہ میں اویناش سے متعلق تفصیلات اور ہارڈ ڈسک پیش کرنے سی بی آئی کو ہدایت دی گئی ۔ سی بی آئی سے سوال کیا گیا کہ اویناش ریڈی اس مقدمہ میں گواہ ہیں یا پھر ملزم۔ سی بی آئی کے وکیل نے کہا کہ انہیں سی آر پی سی کی دفعہ 160 کے تحت نوٹس دی گئی ہے اور ضرورت پڑ نے پر اویناش ریڈی اور ان کے والد بھاسکر ریڈی کو تحویل میں لیا جاسکتا ہے جس پر ہائی کورٹ نے پیر تک اویناش ریڈی کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت دی۔ ضرورت پڑنے پر منگل کے دن عدالت میں پیش ہونے کا مشورہ دیا گیا ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ جائے واردات سے جو خط موصول ہوا ہے، وہ سی بی آئی کی تحویل میں ہے۔ ویویکانند ریڈی نے انتہائی دباؤ کے تحت یہ خط لکھا تھا۔ فارنسک جانچ کے ذریعہ حقائق کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عدالت نے ویویکانند ریڈی کا مکتوب اور فارنسک لیاب کی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے ویویکانند ریڈی قتل معاملہ کی جانچ 31 مارچ تک ملتوی کردی۔ مقدمہ کی سماعت کیلئے چنچل گوڑہ جیل میں موجود ملزمان سنیل کمار یادو ، اوما شنکر ریڈی، دیوی ریڈی اور شنکر ریڈی کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا تھا، جنہیں بعد میں دوبارہ چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا۔ر