نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی پر جاب فیئر کے تحت نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو 71,000 تقرری خط تقسیم کرنے پر تنقید کی اور اسے ‘انتخابی اسٹنٹ’ قرار دیا۔ مسٹر کھرگے نے آئندہ گجرات اسمبلی انتخابات کے حوالے سے ٹویٹ کیاکہ "وزیراعظم ووٹروں کو ‘گمراہ’ کرنے کے لیے 71,000 ملازمت کے خطوط تقسیم کر رہے ہیں” مختلف محکموں میں 30 لاکھ عہدے خالی ہونے کا دعوی کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "وزیر اعظم نے ہر سال دو کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ آٹھ سالوں میں سولہ کروڑ نوکریاں دینی تھیں لیکن یہ صرف ایک ‘الیکشن اسٹنٹ’ ہے جس میں صرف ہزاروں کو روزگار ملا۔
حال ہی میں کانگریس صدر کھرگے نے یہاں پارٹی کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے برسراقتدار حکومت پر بے روزگاری کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھانے کا الزام لگایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت صرف عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ بی جے پی حکومت نے اس سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ واضح رہے کہ گجرات میں انتخابات کے پہلے مرحلے میں 89 اسمبلی حلقوں میں یکم دسمبر کو اور دوسرے مرحلے میں 5 دسمبر کو 93 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔