پھلواری شریف (پریس ریلیز)آج آل انڈیا ملی کونسل بہار کے ریاستی دفتر پھلواری شریف، پٹنہ میں ملک کی معروف شخصیت جناب ڈاکٹر عبد العلیم خان فلکی کی تشریف آوری ہوئی۔ڈاکٹر صاحب پورے ملک میں جہیز مخالفت تحریک چلا رہے ہیں۔حیدر آباد سے تشریف لائے مہمان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بہت سی فساد کی جڑ شادی بیاہ کی تقریب میں فضول خرچی اورجہیز وتلک کی لعنت ہے۔اسی لعنت کی وجہ سے بہت سے گھروں کی لڑکیاں شادی کے بنا کنواری رہ جاتی ہیں،لڑکی والوں کو اپنی بیٹی،بہن کی شادی کے بارگراں کی وجہ سے ہزاروں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے،ان فضول خرچیوں اورغیر شرعی وغیر اسلامی رسم و رواج کی وجہ سے معاشی طورپر مسلمان بدحال ہوتے جارہے ہیں۔لاکھوں کے اخراجات شادی میں ہونے کی وجہ سے ہزاروں بچے اوربچیاں تعلیم،علاج ومعالجہ وغیرہ سے محروم رہ جاتے ہیں۔اس موقع پر آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہا کہ جہیز مخالف تحریک پورے ملک میں بڑے اورمؤثر اندازمیں چلانے کی ضرورت ہے اوراس کے لیے ضروری ہے کہ علماء اورائمہ کی اس نہج پر تربیت کی جائے اورایسی شادیوں کا بائیکاٹ ہونا چاہیے، جس میں لین دین اورجہیز ہو۔اس موقع پر جناب نجم الحسن نجمی رکن آل انڈیا ملی کونسل نئی دہلی،جناب مفتی محمدنافع عارفی کارگزار جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار، جناب مولانا اصغر حسین پورنیہ،جناب حضرت حسین،جناب مفتی جمال الدین قاسمی،جناب مولانا نسیم احمد قاسمی وابونصر ہاشم وغیرہ موجود تھے۔