پٹنہ، 12 مئی (یو این آئی) بہار کی راجدھانی پٹنہ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ اتوار کو اپنے حامیوں کا جوش بڑھانے اور نئی توانائی پیدا کرنے کے لیے روڈ شو کیا۔ مغربی بنگال میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرنے کے بعد پٹنہ پہنچے مسٹر مودی نے بھٹاچاریہ روڈ سے ‘روڈ شو’ شروع کیا۔ روڈ شو میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے علاوہ سابق مرکزی وزیر اور پٹنہ صاحب سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار روی شنکر پرساد، نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے ریاستی صدر سمرت چودھری بھی بھگوا رنگ کی کھلی کار پر سوار تھے۔
روڈ شو میں مودی کے حامیوں کا ایک بڑا ہجوم جوش، ولولہ اور جذبہ سے لبریز سڑک پر جمع تھا۔ پرجوش لوگ مودی مودی اور جے شری رام کے نعرے لگا رہے تھے۔ مختلف مقامات پر شنکھ بجانے اور پھول برسائے جا رہے تھے۔ مسٹر مودی بھی لوگوں کے نعروں کا جواب کبھی ہاتھ جوڑ کر اور کبھی مصافحہ کرکے دے رہے تھے۔ ایک جگہ ایک عورت ہاتھ میں پوسٹر لیے کھڑی تھی جس پر لکھا تھا ‘وجے بھوا’۔ وزیر اعظم وہ پوسٹر لینا چاہتے تھے لیکن سیکورٹی وجوہات کی بنا پر خاتون وزیر اعظم کو وہ پوسٹر نہیں دے سکی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد سڑک کے دونوں سروں اور آس پاس کی عمارتوں پر کئی گھنٹوں تک کھڑی رہی۔ انتظامیہ کی جانب سے روڈ شو دیکھنے کے لیے آنے والے افراد کے ہاتھ میں پھول، پانی کی بوتلیں یا کوئی اور چیز رکھنے سے منع کیا گیا تھا۔ وزیراعظم کے استقبال کے لیے لوگوں نے اپنے گھروں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا رکھا تھا۔
روڈ شو کے دوران برقع پوش کئی مسلم خواتین مسٹر مودی کے استقبال کے لیے کھڑی تھیں۔ ان کے ہاتھوں میں پوسٹر تھے جن پر ‘مودی پریوار’ اور ‘جن-جن کی یہ پکار ایک بار پھر مودی سرکار’ جیسے نعرے درج تھے۔ مختلف جگہوں پر مسٹر مودی کے کٹ آؤٹ لگائے گئے تھے اور نوجوان ان کے ماسک پہنے ہوئے تھے۔ روڈ شو کے دوران جمع ہونے والے ہجوم میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مسٹر مودی کا یہ روڈ شو تقریباً دو کلومیٹر طویل تھا اور ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ ان کا روڈ شو پیر موہانی، کدم کنواں، ٹھاکر باڑی روڈ، باقر گنج سے ہوتا ہوا گاندھی میدان کے قریب ادھیوگ بھون پر اختتام پذیر ہوا۔ روڈ شو کے بعد وزیر اعظم مودی راج بھون کے لیے روانہ ہوئے، جہاں وہ رات آرام کریں گے۔ اگلی صبح 13 مئی کو وزیر اعظم شری ہرمندر جی پٹنہ صاحب گوردوارہ جائیں گے۔ اس کے بعد وہ حاجی پور، مظفر پور اور چھپرہ میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔