نئی دہلی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابات کے بعد آل انڈیا ریڈیو پر اپنے ماہانہ پروگرام ‘من کی بات’ کے پہلے ٹیلی کاسٹ میں ملک کے 65 کروڑ ووٹروں کو ملک کے جمہوری عمل میں حصہ لینے پر مبارک باد دی اور شکریہ ادا کیا۔مسٹرمودی نے من کی بات کے 111 ویں شمارے میں کہا ’’آج میں ہم وطنوں کا شکریہ بھی ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمارے آئین اور ملک کے جمہوری نظام پر اپنے اٹل اعتماد کا اعادہ کیا ہے۔ 24 کا الیکشن دنیا کا سب سے بڑا الیکشن تھا۔ دنیا کے کسی ملک میں اتنا بڑا الیکشن کبھی نہیں ہوا، جس میں 65 کروڑ لوگوں نے ووٹ ڈالے۔ میں اس کے لیے الیکشن کمیشن اور ووٹنگ کے عمل سے وابستہ سبھی کو مبارکباد دیتا ہوں۔
غیر ملکی راج سے ہندوستان کی آزادی کی لڑائی کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے یاد دلایا کہ 30 جون کا یہ دن بہت اہم ہے۔ اس دن ہمارے قبائلی بھائی بہن ’’یوم ہول‘‘ کے طور پر مناتے ہیں۔ یہ دن بہادر سدھو کانہو کی بے مثال جرات سے وابستہ ہے جنہوں نے غیر ملکی حکمرانوں کے مظالم کا بھرپور مقابلہ کیا۔مسٹرمودی نے کہا ’’ویر سدھو کانہو نے ہزاروں سنتھالی ساتھیوں کو اکٹھا کیا اور انگریزوں کا مقابلہ کیا اور کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ کب ہوا؟ یہ 1855 میں ہوا، یعنی 1857 میں ہندوستان کی پہلی جنگ آزادی سے دو سال پہلے، جب جھارکھنڈ کے سنتھال پرگنہ میں ہمارے قبائلی بھائی بہنوں نے غیر ملکی حکمرانوں کے خلاف ہتھیار اٹھائے۔ انگریزوں نے ہمارے سنتھالی بھائیوں اور بہنوں پر بہت مظالم ڈھائے تھے، ان پر بہت سی پابندیاں بھی لگائی تھیں۔ اس جدوجہد میں کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویر سدھو اور کانہو شہید ہوگئے۔ جھارکھنڈ کی سرزمین کے ان لافانی فرزندوں کی قربانی آج بھی ہم وطنوں کو متاثر کرتی ہے۔اس پروگرام میں وزیر اعظم نے سنتھالی زبان میں اس بہادری کی کہانی پر مبنی ایک لوک گیت کے اقتباسات بھی سنوائے۔