اونا (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ ہماچل پردیش کواپنے پیروں پر کھڑا ہونا اور ہندوستان کا ایک بڑا فارما ہب بنناطے ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب ریاستوں اورملک میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت ہوگی۔ مسٹرمودی نے کہا کہ ریاست کی ترقی کے ابتدائی مرحلے کے لیے 10,000 کروڑ روپے کا التزام رکھا گیا ہے اور آنے والے برسوں میں یہ 20000 کروڑ روپے ہوجائے گا، جس سے پہاڑی ریاست میں ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا۔
وزیر اعظم نے اونا سے دہلی تک چوتھی وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد یہ بات کہی۔ انہوں نے ٹرین کی بوگیوں اور انجنوں کا معائنہ کیا۔ مسٹرمودی نے اونا ریلوے اسٹیشن پر بڑی تعداد میں جمع ہونے والی بھیڑ کا استقبال کیا۔ اس ٹرین کی رفتار 86 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ وزیر اعظم نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی آئی ٹی) کیمپس کو بھی وقف کیا اور اونا ضلع کے ہرولی علاقے کے لئے ایک بڑے فارما ہب کا سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر مرکزی وزیر اطلاعات انوراگ ٹھاکر اور ہماچل کے وزیر اعلی جئے رام ٹھاکر بھی موجود تھے۔
مسٹرمودی نے کہا کہ ترقی اور بی جے پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ انہوں نے اپنے دور حکومت میں ترقی کو نظر انداز کرنے پر کانگریس پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے انتخابات کے وقت منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور پھر انہیں مکمل کرنا بھول گئی۔
مسٹرمودی نے کہا کہ بی جے پی کے بغیر ایک رینک اور ایک پنشن دینا ممکن نہیں تھا۔ مسٹرٹھاکر نے کہا کہ ہندوستان اب مسٹرمودی کی قیادت کی وجہ سے دنیا کا ایک سرکردہ ملک ہے۔