ممبئی (پریس ریلیز) جماعت اسلامی ہند حلقہ مہاراشٹرا کے صدر دفتر واقع سانکلی اسٹریٹ مدنپورہ میں ممبئی کے صحافیوں کے اعزاز میں ایک پرتکلف دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کے سینئر رکن اور نائب امیر حلقہ ڈاکٹر سلیم خان نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہتر سماج کی تشکیل میں صحافیوں کا اہم کردار ہے، انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ بہت ہی بابرکت مہینہ ہے، اس مہینے کو صبر اور شکر والا مہینہ کہا گیا ہے، صبر سے آپ وہ صبر نہ مراد لیں جو مجبوری میں کیا جاتا ہے، بلکہ اس صبر کا تعلق ثابت قدمی اور استقامت سے ہے، ہمیں ہر حال میں صبر کرتے ہوئے ثابت قدمی سے جمے رہنا ہے، اسی طرح شکر ہے کہ ہمیں ہرحال میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے رہنا ہے، مصائب و پریشانی اور آسائش وآرام سب اللہ کی جانب سے ہے تو جس طرح ہمیں مصائب میں صبر کرنا ہے اسی طرح جب ہم خوشحالی کی زندگی گذار رہے ہوں اس وقت ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے، ڈاکٹر سلیم خان نے مزید کہا کہ اگر ہم نے رمضان المبارک کا پورا پورا فائدہ نہیں اٹھایا تو سمجھ لیں کہ ہماری زندگی بیکار ہے، اگر رمضان المبارک کے بعد ہمارے اندر سدھار نہیں پیدا ہوا تو گویا ہم نے رمضان المبارک سے کچھ بھی استفادہ نہیں کیا، ڈاکٹر خان نے مزید کہا کہ آج کل میڈیا میں آدھا سچ دکھایا جاتا ہے اور آدھا سچ دکھا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جو کہ ہر اعتبار سے غلط ہے، اسلامی اصول کے اعتبار سے بھی اور میڈیا کے اصول و ضوابط کے اعتبار سے بھی، اس لئے ہمیں میڈیا کے ذریعے پورا سچ دکھانا چاہئے تاکہ ایک اچھے معاشرے کی تشکیل ہوسکے، انہوں نے مزید کہا کہ ابلیس کا مطلب ہی ہے مایوسی اور چونکہ وہ اپنی حرکتوں کی وجہ سے خدا سے مایوس ہوچکا ہے اس لیے وہ اللہ کے بندوں کو بھی مایوس کرنا چاہتا ہے اور صراط مستقیم سے بھٹکانا چاہتا ہے، اس موقع پر جماعت اسلامی ہندوستان کے شعبہ عدل و قسط کے سکریٹری عبدالمجیب نے شعبہ کا تعارف کراتے ہوئے مختصر میں شعبہ کی کارگذاری سے بھی حاضرین کو واقف کرایا، اخیر میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی رحمہ اللہ کی رحلت پر تعزیتی نشست کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں بصیرت آن لائن کے چیف ایڈیٹر مولانا غفران ساجد قاسمی نے تعزیتی کلمات پیش کئے، مولانا قاسمی نے مولانا رابع حسنی ندوی کی رحلت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مختصر سوانح حیات پر روشنی ڈالی اور مولانا کی رحلت کو ملت اسلامیہ ہند یہ کے لیے بالخصوص اور عالم اسلام کے لئے بالعموم ناقابل تلافی نقصان بتایا.
واضح رہے کہ جماعت اسلامی ہند کی دعوت پر ممبئی کے نمائندہ صحافیوں نے شرکت کی جن میں سرفہرست ممبئی اردو نیوز کے ایڈیٹر شکیل رشید، اردو ٹائمز کے ایڈیٹر فاروق انصاری، روزنامہ ہندوستان کے ایڈیٹر سرفراز آرزو، ٹائمز آف انڈیا انڈیا کے نامہ نگار وجیہ الدین، ہیلو ممبئی کے علیم شیخ، ممبئی اردو نیوز کے فرحان حنیف وارثی، مولانا نصراللہ قاسمی وغیرہ موجود تھے. پروگرام کا آغاز ظفر انصاری حلقہ سکریٹری جماعت اسلامی مہاراشٹر کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جب کہ نظامت کے فرائض نہال صغیر نے انجام دیئے. افطار کے بعد پرتکلف عشائیہ کا بھی نظم تھا.