ممبئی:معروف سماجی خدمتگار خان عبدالباری خان کی سربراہی میں آج دوپہر شہر کی سرکردہ فعال مسلم تنظیموں کے ایک وفد نے وائی بی چوہان سینٹر جنوبی ممبئی میں این سی پی سپریمو شری شرد پوار کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقات کی۔عبدالباری نے بتایا کہ ایک گھنٹہ تک جاری اس مشترکہ میٹنگ میں ہم نے ملک میں تیزی سے بدلتے حالات اور بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو بدلنے کے خدشات اور فرقہ وارانہ ماحول میں خاص طور سے مسلمانوں اور دلت سماج پر ہورہے بےجا مظالم پر توجہ مبذول کرائی۔ این سی پی سپریمو جناب شرد پوار نے ہماری باتوں سے پورا اتفاق کیا اور ملک کے جمہوری نظام اور بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کی حفاظت کے لیے مہاراشٹرا اور پورے ملک میں مضبوط سیکولر سیاسی اتحاد بنانے پر اپنی رضامندی ظاہر کی۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بابا صاحب امبیڈکر کے سنویدھان اور ملک کے جمہوری نظام کو بدلنے نہیں دیا جائیگا۔ اس موقع پر پروفیسر سجاد ماری کی مراٹھی ناول ” واستواچا کاٹھاور” اور شرد پوار کی لکھی انگریزی سوانح حیات کا سینئیر صحافی ہارون افروز کے اردو مترجم ” میری شرائط پر” کا مسودہ بھی پیش کیا گیا۔وفد میں سرکردہ مسلم تنظیموں کے ذمہ داران خان عبدالباری خان،ہارون افروز، پروفیسر سجاد ماری،افضل داؤدانی،عزرا خانم اور تابش سید ،ریحان شیخ موجود تھے۔