ریاض( ایجنسیاں) سعودی عرب کی قیادت میں ایک ٹیم نے ماہی گیری کے ایک بحری جہاز سے ساڑھے8 کروڑڈالرمالیت کی ہیروئن (2،410 کلوگرام) ضبط کرلی ہے۔اس سال بین الاقوامی بحری افواج کی مشرقِ اوسط میں غیرقانونی منشیات برآمد کرنے کی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے۔
کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (سی ایم ایف) میں شامل امریکی کوسٹ گارڈ کے سریع الحرکت یونٹ نے 27 ستمبر کوخلیج عمان میں بین الاقوامی پانیوں میں گشت کے دوران میں ماہی گیروں کے ایک بحری جہاز پر چھاپا مار کارروائی کی ہے۔بین الاقوامی پانیوں سے گزرنے والے ماہی گیری کے جہاز پرایک اندازے کے مطابق 2,410 کلوگرام ہیروئن موجود تھی۔
کمبائنڈ میری ٹائم فورسز 34 رکن ممالک پر مشتمل بحری فورس ہے اور وہ بحیرہ احمر، خلیج عدن، شمالی بحیرہ عرب، خلیج عمان، خلیج عرب اور بحر ہند میں اسلحہ اور منشیات کی غیرقانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کام کرتی ہے۔
سعودی عرب کی شامی بحریہ اس وقت سی ایم ایف کے تحت کمبائنڈ ٹاسک فورس (سی ٹی ایف) 150 کی کمان کررہی ہے۔
امریکی بحریہ کی مرکزی کمان ،خطے میں موجود پانچیں بحری بیڑے اورسی ایم ایف کے کمانڈروائس ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ ’’منشیات کی بھاری مقدار پر بضہ ہمارے بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیوں کو روکنے کے عزم کا مظہر ہے‘‘۔
انھوں نے مزیدکہا:’’مجھے سی ایم ایف، سعودی بحریہ کی قیادت میں سی ٹی ایف 150 ٹیم اور چارلس مولتھروپ کے عملہ کی شاندارکوششوں پر فخر ہے‘‘۔
لیکن امریکی بحریہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ جہاز کہاں جارہا تھا یا کہاں سے آیا تھا۔سی ایم ایف خطے میں اسلحے اور منشیات کی غیرقانونی تجارت کو روکنے کے لیے کام کررہی ہے۔
قبل ازیں اس نے حالیہ مہینوں میں ایران یا اس کی پشت پناہی کے حامل گروہوں اور مسلح ملیشیاؤں کی بین الاقوامی پانیوں میں اسلحہ اور منشیات کی متعدد کھیپیں پکڑی ہیں۔
رواں ماہ کے اوائل میں امریکی بحریہ نے عوامی سطح پر اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ایک ایرانی جنگی جہاز نے بحیرہ احمر میں امریکاکے بغیرکپتان دو بحری جہازوں کو تحویل میں لے لیا تھا۔ اس سے دو روز قبل ایران نے خلیج میں اسی طرح کے ایک اور جہاز کو ضبط کرنے کی کوشش کی تھی مگر وہ ناکام رہا تھا۔