ندوہ میں ڈاکٹر عبید الرحمن ندوی کی کتاب’اسلام اینڈ ایجوکیشن‘ کا اجراء
لکھنؤ (پریس ریلیز)آج لکھنؤ کے مہمان خانہ میں ڈاکٹر عبید الرحمن ندوی کی کتاب’اسلام اینڈ ایجوکیشن‘ کا مسلم پرسنل لاء بوڈ کے صدر اور ندوۃ العلماء کے ناظم حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کے دست مبارک سے اجراء ہوا۔ مولانا نے اس کتاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا: سچی بات یہ ہے کہ ندوۃ العلماء کا قیام وقت کی آواز تھا۔ اس میں ہر صالح فکر کی نمائندگی تھی اور سب نے اس بات کی تائید کی کہ اس کی فکر صحیح ہے۔ ندوۃ العلماء نے جو تحریک شروع کی اس کو آگے بڑھانے کے لیے تین پہلوؤں کی ضرورت تھی ایک یہ کہ صحیح اساتذہ ملیں جو طلباء کوصحیح تعلیم دیں اور دوسرے نصاب تعلیم بھی صحیح ہو اور تیسرے طلباء بھی صحیح ہوں اور ان کا ذہن بھی ساتھ دے اور ان وسائل تک رسائی کے لئے ایک مدت درکار تھی لیکن رفتہ رفتہ اللہ نے ندوۃ العلماء کو یہ وسایل فراہم کئے اور اس کو وہاں تک پہنچا دیا اور اس کی جو فکر تھی وہ ظاہر ہونے لگی اور آج اس کی ضرورت پہلے سے زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔
مولانا نے مزید کہا ہمارے عبید الرحمن صاحب نے ندوہ کی اسی فکرکے مطابق اپنی کوششیں جاری رکھی اور متعدد کتابیں لکھی ہیں۔ پیش نظر کتاب فکر ندوہ کی ترجمان ہے۔ ہم نے ان کے بعض مضامین دیکھے ہیں وہ اردو میں بھی بہت ہی اچھا لکھتے ہیں اور انگریزی میں تو لکھتے ہی ہیں لیکن اردو میں جو مضامین ہم نے ان کے پڑھے ہیں اس سے تو اسی کے فکر کی تائید ہوتی ہے اور اس کو پڑھ کر انشاء اللہ ان حضرات کو بھی فائدہ پہنچے گا جو اردو نہیں جانتے ہیں اور دعا کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کو مقبولیت سے نوازے۔آمین اس موقع پر مہتمم دار العلوم ندوۃ العلماء مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی نے بھی مصنف کتاب کو مبارک باد دی۔
مولانا علاء الدین ندوی صدر شعبہ عربی دارالعلوم ندوۃ العلماء نے کتاب کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب اسلام کے بارے میں غیرمسلموں میں خاص طور پر مغربی دنیا میں جو غلط فہمیاں پھیلی ہوئی ہیں کہ اسلام تعلیم کی طرف کم توجہ دیتا ہے یہ کتاب اس طرح کی افواہوں کو دور کرنے میں انشاء اللہ معاون ثابت ہوگی تحریک ندوۃ العلماء کا قیام ہی قدیم صالح اور جدید نافع کے لئے ہی ہوا تھا اس میں کوئی شک نہیں کہ ندوۃالعلماء نے اس خلیج کو پاٹنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔
اس موقع پر میں ڈاکٹر عبید الرحمن ندوی استاد دارالعلوم ندوۃ العلماء کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ انھوں نے انگریزی زبان میں تین درجنوں سے زیادہ کتابیں لکھی ہیں اس کے علاوہ اردو زبان میں بھی ان کے علمی و فکری مضامین بھی شائع ہوتے رہتے ہیں جو کہ قابل ستائش ہیں۔
اس پروگرام میں ڈاکٹر محمد اسلم صدیقی معتمد مالیات ندوۃ العلماء، مولانا شمس الحق ندوی ایڈیٹر تعمیر حیات، مولانا جعفر مسعود حسنی ندوی ایڈیٹر الرائد، جناب اسماعیل ندوی، ڈاکٹر محمد فرمان ندوی، مولانا مسعود حسنی ندوی، اور شجاع الدین خاں وغیرہ موجود تھے، جلسہ کی نظامت مولانا علاء الدین ندوی صاحب نے کی اور جلسہ کا اختتام صدر جلسہ کی دعا پر ہوا۔