نئی دہلی(شاہد اعظمی)۔ماہ رمضان المبارک قریب آچکا ہے خوش نصیب ہوگا وہ شخص جسے ایک بار پھر رمضان المبارک کی ساعتیں میسر آئیں اور انتہائی بد نصیب ہوگا وہ شخص جسے یہ ماہ رمضان المبارک ملے اور وہ اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ رمضان المبارک سے بھر پور فائدہ اْٹھانے کے لئے ضروری ہے کہ اس کی تیاری کی جائے حضور صلی اللہ علیہ وسلم رمضان المبارک کے بعد سب سے زیادہ روزے شعبان میں رکھا کرتے تھے۔ اس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ شعبان کا مہینہ جو رمضان المبارک سے بلکل متصل ہے تیاری کے لیے موزوں مہینہ ہے۔ ہم سب مل کر عہد کریں کہ اس ماہ مبارک کی خوب زیادہ سے زیادہ قدر کرینگے ایک فیصلہ یہ کریں کہ اس ماہ مبارک کو اپنی زندگی کا آخری رمضان المبارک سمجھ کر زندگی گزارینگے نہ معلوم آئندہ سال ہمیں یہ ماہ ملے یا نہ ملے ۔اس مرتبہ ہم پورے ماہ میں اتنی عبادت کرینگے کہ ہماری پوری زندگی عبادت میں مشغول رہے ہمارا جسم اور دل و دماغ نیکیوں کا عادی ہو جائے اور برائی سے نفرت ہو جائے ۔اس کے بعد اپنے ذہن کو رمضان المبارک کی تیاری کے لئے اس طرح تیار کریں کہ جس طرح سالانہ امتحان کے لیے پہلے سے تیار رہنا پڑتا ہے۔ اسی طرح اپنے آپ کو رمضان میں اتنی عبادت کریں کہ اللہ تعالیٰ سے اپنا انعام کا مستحق خود کو بنا نا ہے۔ سب سے پہلے عبادت میں پانچوں وقت کی نماز کی جماعت سے پابندی کر نی ہے اس کے بعد نفلی نماز خاص طور سے تہجد کی نماز صیح صیح قرآن کریم کی تلاوت کرنی ہے جیسے قرآن کریم کا حق ہے پڑھنے کا اگر آپ قرآن پڑھنا نہیں جانتے ہیں تو آج ہی کسی اچھے قاری صاحب سے قرآن سیکھیں ،صیح مخارج اور تلفظ کے ساتھ یقین جانئے کہ جو وقت آپ کے پاس ہے وہ تلاوت قرآن سیکھنے اور رواں کرنے کے لئے بہت کافی ہے ۔بس ارادہ کی دیر ہے مسنون دعائیں یاد کرنا ماہ رمضان کی کچھ تو خاص دعائیں ہیں جیسے سحری کی افطار کی اور قیام لیل کی اور تینوں عشرے کی دعا رمضان کی راتوں میں جب سجدے میں گر کر اور دن میں روزے کی حالت میں جب دعا مانگین گے تو رب العالمین کتنے خوش ہونگے۔ شب قدر کو تلاش کریں شب قدر کی بہت بڑی فضیلت آئی ہے۔ رمضان المبارک میں اللہ کی راہ میں خرچ کرنا اور غریبوں کی مدد کرنا بہت بڑی فضیلت اور ثواب ہے۔ خاص طور پر پہلے اپنے رشتے داروں میں تلاش کریں پھر پڑوس پھر اپنے تعلقات میں غریب مسکین کو کھانا کھلائیں اور روزے دار کو روزہ افطار کر ائیں رمضان المبارک کے جملہ مسائل سے واقفیت ہو رمضان کے مقاصد ابھی سے ذہن نشین کر لیں قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں رمضان المبارک کا تذکرہ ہے انہیں بھی ترجمہ کی مدد سے پڑھا جائے۔ علمائے دیوبند نے رمضان المبارک پر جو مضامین اور کتابیں لکھی ہیں انکا مطا لعہ کیا جائے بری باتوں اور بری عادتوں اور جھوٹ چغلی سے بچا جا ئے ۔اور اپنی زبان نگاہ اور دل کی بھی کڑی نگرانی کریں رمضان میں غیر ضروری کاموں سے اپنے آپ کو ابھی سے فارغ کر لیں تاکہ رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ عبادت کا وقت مل سکے۔ ہر وقت دعا کا اہتمام کریں کیونکہ کوئی بھی کام اللہ کی مدد اور توفیق کے بغیر نہیں ہو سکتا۔ لہٰذا تمام تیاریوں کے ساتھ ساتھ آئے ہم اپنے رب کریم سے دعا کریں اور کرتے رہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں سے زیادہ سے زیادہ مالا مال اور فیضیاب ہونے کا موقع اور توفیق دے آمین۔