لوک سبھا الیکشن سے قبل اپوزیشن کے اتحاد کو عملی شکل دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال
کولکتہ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمارجوکہ مرکزکی مودی حکومت کے خلاف اپوزیشن کومتحد کرنے کیلئے سرگرم ہیں،نے پیر کو مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے کولکتہ میں ملاقات کی۔ اس دوران بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو بھی ان کے ساتھ تھے۔ ممتا بنرجی نے نتیش کمار سے ملاقات کے بعد کہا، "نتیش کمار جی کے ساتھ بہت مثبت بات چیت ہوئی ہے۔ درحقیقت، اس وقت تمام اپوزیشن جماعتوں کو مل کر میٹنگ کی حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں یہ پیغام دینا ہے کہ ہم سب ساتھ ہیں۔”
یہ ملاقات کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے اور سابق رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی سے ملاقات کے لیے دہلی کے دورے کے بعد ہوئی۔ اس ملاقات کو اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل عظیم اتحاد کی بنیاد رکھنے کی سمت میں ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔آپ کو بتاتے چلیں کہ گزشتہ دنوں منعقدہ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہاتھا کہ یہ اپوزیشن اتحاد اور "نظریاتی لڑائی” کے لیے ایک "تاریخی قدم” ہے۔
راہل گاندھی، جنہوں نے ملکارجن کھرگے اور جے ڈی یو اور آر جے ڈی لیڈروں کے ساتھ اپنی ایک تصویر پوسٹ کی تھی، کہا تھا کہ وہ "ایک ساتھ کھڑے ہیں، ہندوستان کے لیے مل کر لڑیں گے۔”
قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی 2024 کے انتخابات سے قبل دوسری پارٹیوں کے ساتھ تال میل بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ماہ کولکتہ میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ ساتھ ہی وہ مسلسل اپوزیشن اتحاد کی بات کر رہی ہیں۔