علی گڑھ، 24 اپریل: اے ایم یو کے اسکولوں کے طلباء نے جی 20 پر مبنی پروگراموں میں حصہ لیا جس میں ملک کی جی 20 سربراہی کا جشن منایا گیا اور ’ایک زمین، ایک کنبہ، ایک مستقبل‘ کے موضوع کی اہمیت واضح کی گئی۔اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول نے جی 20 چوٹی کانفرنس لوگو ڈیزائننگ مقابلہ کا انعقاد کیا جس میں دوم تا ہفتم جماعت کی طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔طالبات نے اپنی شیٹ پر لوگو پینٹ کئے جس میں انھوں نے’ ایک زمین، ایک کنبہ، ایک مستقبل‘ کا نعرہ بھی لکھا اور عالمی بھائی چارے پر زور دیتے ہوئے ملک کی ترقی اور آزادی کے لیے اپنے جذبات کی عکاسی کی۔ طالبات نے پوری دنیا میں حب الوطنی کا پیغام پھیلانے پر بھی زور دیا۔اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر محمد عالمگیر نے طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی۔اسی طرح اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلز میں بھی جی 20 لوگو؍جی 20 ممالک کے پرچم کو ڈیزائن کرنے کے لئے ایک پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں چھٹی سے آٹھویں جماعت کی طالبات نے حصہ لیا۔وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے طالبات کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے انھیں مبارکباد پیش کی، ساتھ ہی کوآرڈینیٹر، ایونٹ انچارج مسز عرشی خانم اور مسز ندا نوشاد کا شکریہ ادا کیا۔اسکول نے جی 20 سے متعلق مختلف سرگرمیوں کا خاکہ تیار کیا ہے اور مئی کے پہلے ہفتے میں کوئز مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔