پٹنہ (یو این آئی) وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج ایک تاریخ ساز فیصلہ کرتے ہوئے مولانا ابو الکلام آزاد سنٹر کے لئے قلب پٹنہ میں زمین الاٹ کر نے کا حکم دیا ہے انہوں نے کہا کہ آزادکی خدمات کا اعتراف ان کی سرکار ہمیشہ کرتی رہی ہے ان کے یوم پیدائش کو یوم تعلیم کے طور پر منانے کی پیش قدمی بہار نے کی اور ان کی تعلیمات کا سماج بنانے میں ہماری سرکار نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2005 سے آج تک اقلیتوں کے مسائل کو حل کر نے میں ہماری سرکارنے خصوصی دلچسپی کے ساتھ کام کیا ہے مسلمانوں کے تمام طبقات کی ترقی اور سماجی مسائل کو حل کر نے والے اقدام ہماری ترجیحات میں شامل رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے آج بہار کے مسلمانوں کے نمائندہ وفد سے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کی ۔ اس وفد کی قیادت مولانا آزاد سنٹر کے چیئر مین مولانا ابو طالب رحمانی نے کی جب کہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ بہار سرکار کے وزیر ڈاکٹر اشوک چودھری، ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور موجود تھےجبکہ وفد میں آل انڈیا ملی کونسل کے نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی ،پروفیسر صفدر امام قادری، مولانا ظفر عبد الرئوف رحمانی ، خورشید حسن ، جناب ایس ایم اشرف فرید ،دانش خان اور نریندر پٹیل تھے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز حج بھون میں صوبہ بہار کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے علما کرام ، دانشوران اور ملی و سماجی تنظیموں کے سربراہوں کی ایک نمائندہ نشست میں یہ فیصلہ ہوا تھا کہ بہار میں مولانا ابو الکلام آزاد کے نام پر ایک تحقیقی ، علمی ،تہذیبی و ثقافتی مرکز قائم کیا جائے گا۔ نشست میں اس بات پر اتفاق رائے ہوا تھا کہ حکومت بہار سے اس ادارے کے لئے زمین کی فراہمی کی گذارش کی جائے گی ۔اسی سلسلے میں آج وفد نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ۔
وزیر اعلیٰ بہار نےاس موقع پر آزادی کے مجاہدین بالخصوص اپنے والد سے جو اس سلسلے میں افکار و نظریات حاصل کئے تھے، ان کا ذکر کیا اور کہا کہ سیکولرزم اور قومی وملی اتحاد پر ان کا مکمل ایمان ہے ۔اس سے رتی بھر وہ کبھی الگ ہونے والے نہیں ہے۔ اسی لئے وہ تمام طبقات کے لئے کام کر تے رہے ہیں اور آگے بھی اپنی یہ سیاسی ذمہ داری ادا کر تے رہیں گے۔ ابو الکلام آزاد کے حوالے سے اس نئی پیش رفت کو نہ صرف یہ کہ انہوں نے پسند کیا بلکہ فوری طور پر اپنے پرنسپل سکریٹری کو اس ادارے کے لئے زمین کے انتخاب کی ذمہ داری بھی سونپ دی ۔ انہوں نے مولانا آزادؒ کی گوناگوں خدمات کا اور خاص طور سے وزیر تعلیم کی حیثیت سے ان کے کارناموں کو یاد کیا اور بہار میں ان کے تعلق سے کوئی بڑے مرکز کے قیام کو نیک فال قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جہاں تک ضرورت ہو گی اس مرکز کے قیام اور اس کے استحکام میں پیچھے نہیں ہٹے گی ۔ اس سلسلے سے انہوں نے اپنے کابینی وزیر ڈاکٹر اشوک چودھری کو بھی ہدایات دیں تا کہ یہ کام بحسن و خوبی انجام دیا جا سکے۔ وفدمیں شامل افراد نے وزیر اعلیٰ سے ملک کے دیگر ملی مسائل پر بھی تبادلہ خیالات کیااور توقع ظاہر کی کہ جہاں جہاں اقلیت آبادی کے مسائل سامنے آئیں گے ، ان کے حل کیلئے عوام نتیش کمار کی طرف نظر اٹھا کر دیکھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہر ممکن معاونت اور پیش قدمی کا وعدہ بھی کیا ۔