پٹنہ (نمائندہ )زیر اعلیٰ نتیش کمار نے سمادھان یاترا کے دوران پورنیہ ضلع میں مختلف محکموں کے ذریعہ کئے جارہے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کے سلسلے میں ایک جائزہ میٹنگ کی۔جائزہ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سمدھان یاترا کے دوران ہم مختلف اضلاع میں جا کر حکومت کی طرف سے چلائی جا رہی اسکیموں کا جائزہ لے رہے ہیں، جائزہ میٹنگ میں ہر چیز پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیاہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ کسی چیز کی تعمیر کے ساتھ اس کا مینٹیننس بھی ہونا چاہیے ۔ اگر کہیں کوئی کمی ہے یا کام ابھی تک ادھورا ہے تو اسے مکمل کرائیں۔جائزہ میٹنگ میں ایم ایل اے ، ایم پی سمیت تمام لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ہم نے افسراب کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ تمام کام صحیح طریقے سے کریں۔ اس مقصد کے لیے ہم نے سمادھان یاتراکیا ہے ۔ پورنیہ ہم کئی بار آ چکے ہیں پورنیہ بہت اہم جگہ ہے ۔ ہم ہمیشہ یہاں آتے رہے ہیں، کچھ جگہوں پر بہت اچھا کام ہوا ہے ، یہ دیکھ کر اچھا لگا۔ ہماری کوشش ہے کہ کوئی علاقہ سیلاب کا شکار نہ ہو۔ نیپال کی ندیوں کی وجہ سے بہار کے کئی علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہم سیلاب سے بچاو [؟] کے حوالے سے اپنی طرف سے جتنا ممکن ہو سکے کرتے ہیں۔25 فروری کو پورنیہ میں ہونے والی عظیم اتحاد کی ریلی کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عظیم اتحاد میں شامل تمام سات جماعتوں کا یہ پروگرام ہے ۔ یہ اتحاد کا سیاسی پروگرام ہے ، یہ الگ چیزہے ۔ اس وقت ہم تمام علاقوں کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کے کام کو دیکھ رہے ہیں۔پوری اپوزیشن ای ڈی کے خوف سے متحد ہو گئی ہے والے وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بات انہیں سے پوچھئے ۔ آج کل کوئی کام کے بارے میں بات نہیں کر رہا۔ آنجہانی اٹل بہاری واجپئی کی حکومت میں ہوئے کاموں کی آج کوئی بات نہیں کرتا۔ ان سب باتوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ کئی ریاستوں کی حکومتوں نے بھی بہت اچھا کام کیا ہے ، ہم لوگوں نے بہت کام کرایا ہے ۔ یہاں پر کئے گئے کام کو دوسری جگہوں پر سراہا گیا ہے ۔ ان دنوں بغیر کام کیے صرف تشہیر کی جاتی ہے ۔
جے ڈی یو لیڈر مسٹر اپیندر کشواہا کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم لوگوں کے کام کا ذکرکہیں بھی نہیں ہوتا، لیکن اگر لوگ ہمارے خلاف کچھ کہتے ہیں تو ان کی باتیں شائع ہوتی رہتی ہیں، ایسی باتوں کا کوئی فائدہ نہیں ہے ۔ کسی نے اپنی خواہش ظاہر کی تو ہم نے اسے اپنی پارٹی میں شامل کرلیا، اب پھر اس کے خلاف بول رہے ہیں۔ میں اس سے پریشان نہیں ہوں، اس حوالے سے ہماری پارٹی میں کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ کہیں سے کوئی صف بندی ہوئی ہوگی، اسی لیے ایسے کہہ رہے ہیں۔ ہم اس کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتے ۔اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابھی ہم سمادھان یاترا پر ہیں۔ سب سے پہلے ، ہم یہاں کام کر رہے ہیں. اس کے بعد بہار قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہے ، اس کے بعد ہم آگے دیکھیں گے ۔پورنیہ میں ائیر پورٹ کی تعمیر کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہوائی اڈے کی تعمیر میں تاخیر سے انہیں بہت دکھ ہے ۔ سب سے پہلے یہاں ہوائی اڈہ کی تعمیر ہونی تھی۔ سال 2017 میں اس حوالے سے کئی میٹنگیں ہوئیں۔ دو بار مرکزی حکومت کے افسران یہاں آکر میٹنگیں کر چکے ہیں۔ میٹنگ میں سب کچھ طے ہوا، اب اتنی تاخیر کیو؟ ہم نے بہار حکومت کے وزیر سنجے کمار جھا سے کہا ہے کہ وہ دہلی جا کر بات کریں۔
دربھنگہ ایئرپورٹ سے پہلے پورنیہ میں ایئرپورٹ بننا تھا لیکن ہماری بات نہیں سنی گئی۔ مجھے تعجب ہوتا ہے کہ پہلے سے طے ہونے کے باوجود یہاں ائیرپورٹ کیوں نہیں بنایا جا رہا ہے ۔یہاں ائیرپورٹ بننے سے لوگوں کو آنے جانے میں کافی سہولت ہو گی۔ آس پاس کے لوگ بھی اس سے مستفید ہوں گے ۔ہم لوگ لگے ہوئے ہیں کہ پورنیہ میں جلد سے جلد ہوائی اڈہ کی تعمیر ہوجائے ، ہوائی اڈے کی تعمیر کے سلسلے میں مرکز کے لوگ جو چاہیں ہم کرنے کو تیار ہیں، وہ جہاں فیصلہ کریں گے ہم زمین مہیا کرائیں گے ، لیکن کوئی بات نہیں کر رہا ہے ۔ پارلیمنٹ میں بھی کوئی سوال پوچھ رہا ہے تو اس کا جواب نہیں دیا جا رہا، ہم اس پر کچھ بولنا پسند نہیں کرتے ۔ ایئر پورٹ کی تعمیر مرکزی حکومت کا کام ہے ۔ یہ ریاستی حکومت کا کام نہیں ہے ، بہت اچھا ہوتا اگر یہاں ایئر پورٹ کی تعمیر ہوجاتی تو تمام لوگوں کو سہولت ہوتی۔