جموں،22دسمبر(یو این آئی)نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعے کے روز کہاکہ جموں وکشمیر کے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گرد کارروائیاں بدستور جاری ہیں ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پونچھ کے بفلیاز میں پانچ فوجی اہلکاروں کی ہلاکت اس بات کا ثبوت ہے کہ جموں وکشمیر میں حالات تبدیل نہیں ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز کو لگاتار نشانہ بنا رہے ہیں اور سرکار سب کچھ ٹھیک ہونے کا دعویٰ کررہی ہیں۔ان کے مطابق جو لوگ کہتے ہیں کہ دہشت گرد ختم ہو گئے ہیں وہ یہ سب دیکھیں کہ یہا ں پر کیا ہو رہا ہے، انہیں فیصلہ کرنا ہے کہ بات چیت شروع کرنی ہے یا نہیں۔فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے حوالے سے جو دعوئے کئے جارہے ہیں وہ حقیقت سے کوسوں دور ہے۔انہوں نے بفلیاز پونچھ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں جاں بحق ہوئے پانچ فوجی جوانوں کو شاندر الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔