نئی دہلی، 2 اپریل (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سابق رکن پارلیمنٹ اور مغربی بنگال کے سے ترنمول کانگریس کی امیدوار مہوا موئترا کو نوٹس جاری کیا ہے۔ای ڈی نے یہ نوٹس پارلیمنٹ میں پیسے لے کر سوال پوچھنے کے معاملے میں جاری کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس معاملے میں سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے محترمہ موئترا کے خلاف پہلے ہی مقدمہ درج کر رکھا ہے اور تحقیقات کر رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ محترمہ موئترا پر تاجر درشن ہیرانندانی کے کہنے پر پارلیمنٹ میں سوال پوچھنے کا الزام ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے ان کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ثبوت وکیل جئے اننت دیہادرائی نے فراہم کیے تھے۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کو لکھے گئے اپنے خط میں، مسٹر دوبے نے کہا تھا کہ انہیں وکیل اور محترمہ موئترا کے سابق دوست جے اننت کا ایک خط ملا ہے، جس میں انہوں نے محترمہ موئترا اور معروف تاجر درشن ہیرانندانی کے درمیان سوال پوچھنے کے لیے رشوت کے تبادلے کے ثبوت شیئر کئے ہیں۔ اس کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ محترمہ موئترا نے پارلیمنٹ میں ان کے ذریعہ پوچھے گئے کل 61 سوالات میں سے تقریباً 50 سوالات درشن ہیرانندانی اور ان کی کمپنی کے کاروباری مفادات کے تحفظ کے لیے تھے۔