مکہ مکرمہ : حرمین انتظامیہ کے تحت دینی امور کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ماہر المعیقلی یوم عرفہ کا خطبہ دیں گے۔حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’شیخ ماہر المعیقلی کے حوالے سے شاہی منظوری آ گئی ہے‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’ایوان شاہی نے شیخ ماہر المعیقلی کو یوم عرفہ کا خطبہ دینے کی ذمہ داری تفویض کی ہے‘۔
واضح رہے کہ گذشتہ ایک سو سال کے دوران 15 خطیبوں نے یوم عرفہ کا خطبہ دیا ہے۔عرفات میں واقع مسجد نمرہ میں سب سے زیادہ خطبہ دینے والے سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبد العزیز آل الشیخ ہیں جنہوں نے 34 مرتبہ خطبہ دیا ہے۔دوسرے نمبر پر شیخ عبد اللہ بن حسن آل الشیخ ہیں جنہوں نے مسلسل 25 سال تک عرفہ کا خطبہ دیا ہے۔گذشتہ سال سربرآوردہ علما بورڈ کے رکن شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد بن سعید نے خطبہ عرفہ دیا تھا۔
ادھر حج سے ہی متعلق ایک دوسری خبر میں بتایا گیا ہے کہ سعودی وزارت حج وعمرہ نے داخلی عازمین کے لیے دو نئے پیکجز متعارف کرائے ہیں جن میں ’کدانہ ٹاوز‘ اور’اکنامی‘ پیکیج شامل ہیں۔سبق نیوز کے مطابق حج سیزن 2024 کے لیے سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کےلیے متعارف کرائے گئے کدانہ ٹاوز الودای پیکیج کے تحت جانے والوں کو ایئرکنڈیشنڈ بس سروس فراہم کی جائے گی۔
منی میں ’کدانہ ٹاورز‘ میں رہائشی کی سہولت ہو گی جہاں فاسٹ فوڈ کےعلاوہ عمدہ کھانے کے لیے بوفے کا انتظام ہے جبکہ میدان عرفات میں قیام کے لیے بہترین رہائش اور منی میں رات گزارنے کے لیے اچھی جگہ فراہم کی جائے گی۔دوسرا متعارف کرایا جانے والا پیکیج ’اکنامی‘ ہے جس میں رہائش مکہ مکرمہ میں کے فرنشنڈ اپارٹمنٹس میں رہائش فراہم کی جائے گی۔ منی میں رہائش کی سہولت نہیں ہو گی جبکہ ٹرانسپورٹ کی قیمت منزل کے حساب سے طے کی جائیں گی۔
وزارت حج کا کہنا ہے’ داخلی عازمین حج پیکیجز کے حصول اورتفصیلات وزارت کی ویب سائٹ Localhaj.haj.gov.sa سے حاصل کی جاسکتی ہیں‘۔یاد رہے کہ وزارت حج وعمرہ نے اس سے قبل داخلی عازمین حج کے لیے چار پیکیجز متعارف کرائے تھے۔داخلی عازمین حج کے لیے سب سے سستا پیکیج 4099.75 ریال، دوسرا واٹ سمیت حج پیکیج 8092.55 ریال، تیسرا پیکیج 10366.10 ریال تھا۔جبکہ چوتھا اور آخری حج پیکیج واٹ سمیت 13265.25 ریال رکھا گیا جس جمرات پل کے قریب منی ٹاور میں رہائش شامل ہے۔