علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے فزیکل اینڈ اسپورٹس ایجوکیشن شعبہ نے ’’فزیکل ایجوکیشن، اسپورٹس سائنسز اور فزیکل تھیریپی‘‘ موضوع پر دو روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد ہائبر موڈ میں کیا ۔
افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر ایم ایل کملیش (سابق پرنسپل، ایل این سی پی ای، تھرواننتھا پورم) نے صحت مند اور فعال طرز زندگی کے لئے جسمانی تعلیم اور کھیلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہر سطح پر فزیکل ایجوکیشن کو فروغ دینے کی ضرورت بیان کی اور جسمانی تعلیم اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ان شعبوں میں تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔
اپنے صدارتی کلمات میں شعبہ کے سینئر استاد پروفیسر برج بھوشن سنگھ نے متعلقہ ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ طلباء کے لیے نصاب پر مبنی سرگرمیوں کا اہتمام کریں اور انہیں کھیلوں میں بین الاقوامی معیار کا علم دیں ۔
مہمان اعزازی پروفیسر کلپنا شرما (اکیڈمک ڈائریکٹر، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا، پٹیالہ) نے ملک میں کھیلوں اور فزیکل ایجوکیشن کو فروغ دینے کے لیے اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے مختلف کھیلوں میں نوجوان صلاحیتوں کی شناخت اور پرورش میں اسپورٹس اتھارٹی کے کردار پر روشنی ڈالی اور جسمانی تعلیم کو فروغ دینے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے تعاون و اشتراک پر زور دیا۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں صدر شعبہ پروفیسر سید طارق مرتضیٰ نے صحت مند زندگی کو فروغ دینے اور افراد اور معاشرے کی مجموعی بہبود میں کردار ادا کرنے کے لیے فزیکل ایجوکیشن و اسپورٹس سائنسز اور فزیکل تھیریپی کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے محققین، ماہرین اور پریکٹیشنرز کو ان شعبوں میں اپنے علم اور تجربے کا اشتراک کرنے کے حوالے سے کانفرنس کے انعقاد کو سراہا۔
آرگنائزنگ سکریٹری مسٹر راشد عمران اے خاں نے کانسیپٹ نوٹ پیش کیا ۔ چیف آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر معراج الدین فریدی نے پروگرام کی نظامت کی اور ڈاکٹر محمد عمران نے شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر محمد ارشد باری اور توفیق ملک نے مختلف سیشن کی نگرانی کی۔