پرتھ (یو این آئی) شاداب خان (22/3) کی قیادت میں پاکستان نے اتوار کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سپر 12 میچ میں نیدرلینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ گروپ ٹو کے میچ میں ہالینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 91 رن بنا سکی۔ پاکستان نے 92 رن کا ہدف 13.5 اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چار رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئے حالانکہ محمد رضوان نے فتح میں 49 (39) رن کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے فخر زمان (20) کے ساتھ 37 اور شان مسعود (12) کے ساتھ 30 رن کی شراکت کی۔ افتخار احمد نے چھ رن بنائے جبکہ 14ویں اوور میں شاداب خان نے چوکا لگا کر پاکستان کو فتح دلائی۔ پاکستان تین میں سے دو میچ میں شکست کھانے کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 سے تقریباً باہر ہو چکا ہے اور اس کی سیمی فائنل کی امیدیں زمبابوے اور جنوبی افریقہ کی شکست پر منحصر ہیں۔
اس سے قبل ہالینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کے پاس پاکستانی گیندبازی کا کوئی جواب نہیں تھا۔ ڈچ ٹیم نے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر اوپنر اسٹیفن مائیبرگ کے نقصان پر چھ اوور میں صرف 19 رن بنائے جو ٹورنامنٹ کا سب سے کم پاور پلے اسکور ہے۔ اس دوران تجربہ کار آل راؤنڈر باس ڈی لیڈ حارث رؤف کے باؤنسر پر انجری کا شکار ہو کر ریٹائر ہو گئے۔
شاداب نے سخت بولنگ کرتے ہوئے میکس او ڈاؤڈ اور ٹام کوپر کی وکٹیں حاصل کیں۔ کولن ایکرمین (27) اچھی فارم میں نظر آرہے تھے لیکن شاداب نے انہیں پویلین بھیج دیا۔ ہالینڈ کی 61 رن پر چار وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کے تیز گیند بازوں نے محاذ سنبھالا۔ نسیم شاہ نے اسکاٹ ایڈورڈز کی وکٹ حاصل کی جب کہ حارث نے روئیلوف وین ڈیر مروے کو بولڈ کیا۔ محمد وسیم جونیئر نے 19ویں اوور میں ٹم پرنگل اور فریڈ کلاسن کو مسلسل گیندوں پر آؤٹ کیا، حالانکہ وہ ہیٹ ٹرک مکمل نہیں کر سکے۔
ہالینڈ نے آخری اوور میں وین میکرن کی وکٹ کھو کر 91/9 کا اسکور کھڑا کیا۔ دونوں ٹیمیں اپنا تیسرا میچ کھیلتے ہوئے ٹورنامنٹ کی پہلی جیت کی تلاش میں تھیں۔