نئی دہلی: بالی ووڈ کی معروف نوشادی شدہ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اورعام آدمی پارٹی کے رکن راجیہ سبھا راگھو چڈھا نے شادی کی خوبصورت تصویریں شیئر کی ہیں۔پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔معروف جوڑی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹا گرام پر اپنی شادی کے خوبصورت، یادگار لمحات اپنے مداحوں کے ساتھ تصویروں کی شکل میں شیئر کیے ہیں۔
پرینیتی اور راگھو نے ایک مشترکہ پوسٹ میں تقریباً 7 تصویریں شیئر کی ہیں جن میں اُنہیں پھیرے لیتے ہوئے اور دیگر رسومات ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ پرینیتی چوپڑا نے اپنی شادی پر ہلکے سنہری رنگ کے عروسی لباس اور سبز رنگ کے خوبصورت زیورات کا انتخاب کیا تھا۔دوسری جانب عام آدمی پارٹی کے رکن راگھو چڈھا نے کریم رنگ کی شیروانی اور سنہری کلاہ پہنا ہوا تھا۔یاد رہے کہ خوابوں جیسی اس حقیقی شادی میں معروف اداکارہ و گلوکارہ پرینیتی کی کزن پریانکا چوپڑا اور اُن کے شوہر نک جونس نے شرکت نہیں کی تھی۔ پریانکا چوپڑا کو پرینیتی کی شادی میں شرکت نہ کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
ادھر دوسری جانب بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاست داں راگھو چڈھا کی شادی کی تقریب کی سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔ شادی کی تقریب کی سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر وائرل ایک ویڈیو میں دولہا راگھو چڈھا اور دلنہیا پرینیتی چوپڑا کو شادی کی تقریب کے بعد ڈانس کرتے ہوئے اسٹیج سے نیچے اُتر کر آتے دیکھا جا سکتا ہے۔شادی کی تقریب کی ایک اور وائرل ویڈیو میں پرینیتی چوپڑا کو شوہر راگھو چڈھا کے والدین سے پر جوش انداز میں گلے ملتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا 24 ستمبر کو اُدے پور میں قریبی دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔اس جوڑے کی شادی کی مختلف تقریبات کا آغاز دہلی میں ایک دعائیہ تقریب سے ہوا تھا، جس کے بعد صوفی نائٹ منعقد ہوئی جس میں صرف قریبی دوست اور خاندان کے افراد موجود تھے۔بعد ازاں اُدے پور میں شادی سے قبل جمعے کو مہندی اور پھر ہلدی کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔