اس 8 سالہ لڑکے نے پٹریوں میں شگاف دیکھ کراپنی سرخ ٹی شرٹ کو جھنڈے کی طرح لہرا یا اور ٹرین کو حادثہ سے بچایا تھا
کولکاتا: ریلوے حکام نے مغربی بنگال کے 8 سالہ لڑکے مرسلین شیخ کو اس کی بہادری کے لیے ایک سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازاہے، جس نے مالدہ ضلع میں ریلوے پٹریوں میں شگاف دیکھنے کے بعد، ایک تیز رفتار ٹرین کو اپنی سرخ قمیض لہرا کر تباہ شدہ پٹری کو عبور کرنے سے روکا، اور ٹرین حادثے سے بال بال بچ گیا۔ حکام نے یہ جانکاری دی۔ حکام نے بتایا کہ لوکو پائلٹ نے مرسلین شیخ نامی لڑکے کا اشارہ محسوس کیا جو خطرے کا اشارہ دینے کے لیے سرخ قمیض لہرا رہا تھا اور ٹرین کو روکنے کے لیے صحیح وقت پر ایمرجنسی بریک لگا دی۔ خبروں کے مطابق مالدہ نارتھ کے ایم پی کھگین مرمو اور کٹیہار ڈویژنل ریلوے منیجر سریندر کمار نے لڑکے کے گھر پہنچ کر اسے انعام دیا اور اس کی کوششوں کی تعریف کی۔
West Bengal: 8 year old Mursaleen Shaikh saved the lives of thousands of people.????????????????????????. pic.twitter.com/4iWFDwgm5F
— shamshadkh@n (@shamshadBRS) September 23, 2023
انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ جمعرات کو بھالوکا روڈ یارڈ کے قریب پیش آیا۔ نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر سبیاساچی ڈی نے ایک بیان میں کہا، "مالدہ میں، ایک لڑکے نے اپنی سرخ قمیض لہراتے ہوئے ایک تیز رفتار ٹرین کو بارش سے تباہ شدہ ریلوے ٹریک کے ایک حصے کو عبور کرنے سے روک کر ہمت دکھائی۔”
انہوں نے کہا کہ بارش سے مٹی اور پتھر بہہ جانے سے جگہ کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا، "مرسلین شیخ، قریبی گاؤں کے ایک مہاجر مزدور کا بیٹاہے، ریلوے ملازمین کے ساتھ یادڈ میں موجود تھا۔ بارش کی وجہ سے ٹریک کا حصہ ٹوٹا ہوا دیکھ کر لڑکے نے ہوشیاری سے کام لیا اور وہاں ڈیوٹی پر تعینات دیگر ریلوے ملازمین کے ساتھ مل کر اپنی سرخ قمیض لہرا کر سامنے سے آنے والی ٹرین کے لوکو پائلٹ کو چوکنا کر دیا۔
اہلکار نے بتایا کہ تباہ شدہ ٹریک کی مرمت کر دی گئی اور بعد میں ٹرین آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا، "نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلوے حکام نے لڑکے کو اس کی بہادری کے لیے ایک سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔”